نارائن ( راجوری ) 7 دسمبر 2024 ئ نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج نارائن میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی تا کہ مقامی آبادی کی شکایات اور ترقیاتی خدشات کو دور کیا جا سکے ۔ نائب وزیر اعلیٰ کا مقامی لوگوں نے پرتپاک خیر مقدم کیا اور نچلی سطح کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت کے عزم پر اظہار تشکر کیا ۔ نارائن اور آس پاس کی پنچائتوں کے رہائشیوں نے بنیادی ڈھانچے ، عوامی خدمات اور فلاحی اسکیموں سے متعلق مختلف مسائل کو اٹھایا ۔ دربار کے دوران سریندر چودھری نے غور سے شکایات سُنیں اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ان کے ازالے کیلئے ہدایات جاری کیں ۔ اہم فیصلوں میں سڑکوں کے اہم منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مرحلہ وار ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنا ، جل جیون مشن کے تحت ہر گھر کو پانی کی فراہمی کی یقین دہانی ، متاثرہ پنچائتوں میں لکڑی کے بجلی کے کھمبوں کی فوری تبدیلی ، نوشہرہ بلاک میں اضافی پانچ پنچائتیں ، کان کنی بلاکس کی بروقت حد بندی وغیرہ شامل تھیں ۔