سری نگر/29جنوری2025ئ
مرکزی وزیر مملکت برائے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای)، محنت و روزگار شوبھا کرندلاجے نے آج سیڈکو(ایس آئی ڈِی سی او) اِنڈسٹریل کمپلیکس اومپورہ بڈگام میں 100 بستروں پر مشتمل ایمپلائز سٹیٹ اِنشورنس کارپوریشن (اِی ایس آئی سی) ہسپتال کی تعمیر کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
یہ ہسپتال 160 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہوگا اور اِس میں او پی ڈی ، آئی پی ڈی ، آئی سی یو ، وارڈز ، تشخیصی لیبارٹریوں ، آپریشن تھیٹر ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی سہولیات کے علاوہ ایک آزاد سب سٹیشن ہوگا۔ہسپتال میں سرجری اور نفسیاتی شعبے قائم کئے جائیں گے جن میں ماہر ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ عملے کو چوبیس گھنٹے دستیاب کیا جائے گا۔
مرکزی وزیر موصوف نے جائزہ لینے کے دوران ہسپتال کو جموں و کشمیر میں صحت نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لئے ایک اور قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ ہسپتال اِی ایس آئی سی کے تحت عالمی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ جموں و کشمیر میں احتیاطی ، بنیادی اور ثانوی صحت نگہداشت کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنایا جاسکے۔
اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈیڈ لائن سے پہلے اس پروجیکٹ کو مکمل کریں اور ڈیڈ لائن کی خلاف ورزی کو کسی بھی قیمت پر قبول نہیں جائے گا کیوں کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں اَمن ، خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لئے بہت خواہشمند ہے۔ اُنہوں نے ہسپتال میں 23 سپیشلٹیز کے لئے زیر تعمیر تمام صحت سہولیات کا دورہ کیا ۔
شوبھا کرندلاجے نے بتایا کہ اِی ایس آئی ایکٹ کے تحت جموں و کشمیر میں 6000 سے زیادہ صنعتیں اور اِدارے ہیں اور جموں برانچ آفس اور کٹھوعہ، سانبہ، اودھمپور، کٹرا اور سری نگر میں ایک لاکھ 33 ہزار سے زیادہ بیمہ شدہ اَفراد اور ان کے زیر کفالت افراد کو فوائن فراہم کئے جاتے ہیں۔ یہ ہسپتال اِی ایس آئی ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کافی آبادی کی خدمت کرسکتا ہے۔