سرینگر /سالانہ آمر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں جموںمیں بڑے پیمانے تیاریاں جاری ہے یاترا کا آغاز رواں برس 3 جولائی سے ہوگا جو 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا سے قبل جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ یاتری نواس کے در و دیوار اور کھرکیوں مرمت کے ساتھ ساتھ تزئین و آرائش کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ یاتریوں کے استقبال کے لیے ماحول خوشگوار بنایا جا سکے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق امرناتھ یاترا کے محفوظ اور پر امن انعقاد کے لیے سکیورٹی انتظامات بھی سخت کر دیے گئے ہیں۔ سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل نے بھگوتی نگر کیمپ کا دورہ کر کے سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر نیم فوجی دستوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہیں آج یعنی پیر کو ڈویڑنل کمشنر جموں نے اپنے دفتر میں امرناتھ یاترا کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر جموں نے چند روز قبل یاترا کے حوالے سے ایک میٹنگ منعقد کی جس میں انہوں نے بتایا کہ خصوصی توجہ جموں ریلوے اسٹیشن اور بھگوتی نگر یاتری نواس جیسے اہم ٹرانزٹ پوائنٹس پر دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں جن امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا، ان میں ہجوم کے نظم و نسق، صفائی ستھرائی اور رہائش کے انتظامات کے علاوہ نیم فوجی دستوں کی تعیناتی اور نوڈل افسران کی ذمہ داریاں، آگ سے بچاوں کے اقدامات اور ہنگامی صورت حال میں ردعمل کی تیاریاں شامل تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے سبھی محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور کسی بھی مسئلے یا ضرورت کے پیش نظر ایک دوسرے کے ساتھ فوری طور پر رابطہ قائم کریں۔ انہوں نے یاتریوں کے لیے بہتر صفائی، محفوظ رہائش، اور اعلیٰ معیار کی خدمت فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے سبھی انتظامات یاترا شروع ہونے سے قبل ہی مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ وہیں انتظامیہ نے یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور سکیورٹی و دیگر انتظامی عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ امرناتھ یاترا 2025 ایک محفوظ، پرامن، اور روحانی تجربہ ثابت ہو سکے۔