سری نگر/وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود و تعلیم، سکینہ ایتو نے عوامی خدمت اور صحت شعبے میں جوابدہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جے وی سی ہسپتال بمنہ کا دیررات کو اچانک معائینہ کیا۔ اس دوران اُنہوں نے رات کے اَوقات میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے معیار اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔معائینے کے دوران وزیر موصوفہ نصف شب کے بعد وارڈوں میں گئیں اور ڈاکٹروں ، نرسنگ سٹاف ، طبی سامان اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی دستیابی کا ذاتی طور پر جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ہسپتال کے بنیادی ڈھانچے، ایمرجنسی خدمات، زچہ و بچہ نگہداشت، صفائی ستھرائی اور مریضوںکے وارڈوں کی حالت کابھی تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے مریضوں اور اُن کے تیمارداروں سے بھی بات چیت کی اور ان کی شکایات، تاثرات اور تجاویز کو بغور سنا۔






