سری نگر:۷، اکتوبر: : منظم سائبرجرائم کے خلاف ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے، سائبر پولیس اسٹیشن جموں نے4.44 کروڑ روپے کے ایک اعلیٰ مالیت کے آن لائن فراڈ کا پردہ فاش کیا ہے اور سورت گجرات سے3 ملزمان کو گرفتار کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایاکہ یہ کارروائی سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس، جموں، جوگندر سنگھ کی مجموعی نگرانی میں اور سپرانٹنڈنٹ آف پولیس (انچارج سائبر پولیس اسٹیشن جموں) کامیشور پوری کی رہنمائی میں تفتیشی افسر، ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ آف پولیس سائبر جموں روہت چڈگل کے ساتھ کی گئی۔ایس ایس پی جموں جوگندر سنگھ نے بتایا کہ یہ معاملہ2 ستمبر2025 کو اس وقت سامنے آیا جب ایک متاثرہ شخص کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں سائبر مجرموںنے قانون نافذ کرنے والے افسران کے طور پر 4.44 کروڑ روپے کی خورد برد کی تھی۔ دھوکہ بازوں نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ پر اپنے آدھار اور سم کی اسناد کا استعمال کرتے ہوئے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا اور اسے ’ڈیجیٹل گرفتاری‘ کی آڑ میں کئی بینک کھاتوں میں رقم منتقل کرنے پر مجبور کیا۔فوری کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ،2000 کی دفعہ 66D کے تحت ایف آئی آر نمبر 28/2025 درج کی، اور تفصیلی تفتیش شروع کی۔ سائبر ٹیموں نے احتیاط سے منی ٹریل کا سراغ لگایا، لین دین کی چھان بین کی، اور ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کی، جس کی وجہ سے وہ گجرات سے کام کرنے والے ملزم نیٹ ورک تک پہنچ گئے۔معتبر انٹیلی جنس پر عمل کرتے ہوئے، انسپکٹر گگندیپ سنگھ او انسپکٹرر اجیت سنگھ کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم کو سورت میں تعینات کیا گیا، جہاں 3 ملزمان بشمول چوہان منیش ارون بھائی، انش وٹھانی ولدرمیش بھائی وٹھانی اور کشور بھائی کرمشی بھائی دیوریاولدکرماسی بھائی دیوریا کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کو بعد میں مسلسل پوچھ گچھ کےلئے جموں لایا گیا تاکہ دوسرے ساتھی سازش کاروں کی شناخت کی جا سکے اور اضافی شواہد برآمدیا حاصل کئے جا سکیں۔بیان کے مطابق اب تک سائبر پولیس جموں نے دھوکہ دہی سے جڑے متعدد بینک کھاتوں میں 55.88 لاکھ روپے کامیابی کے ساتھ منجمد کر دئیے ہیں۔ کل دھوکہ دہی کی رقم میں سے6 لاکھ پہلے ہی شکایت کنندہ کو واپس کر دئیے گئے ہیں، جبکہ باقی رقم کی وصولی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ 6 اکتوبر3035 کو، ایف آئی آر نمبر 28/2025 میں ایک حصہ چالان آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66D اور بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مجاز عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔پولیس نے کہا کہ یہ مقدمہ خوف اور فریب کے ذریعے شہریوں کا استحصال کرنے والے سائبر کرائم نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے ان کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت یا نافذ کرنے والے اداروں کی نقالی کرتے ہوئے دھوکہ دہی پر مبنی مواصلات کے خلاف چوکس رہیں اور ایسے واقعات کی فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا سائبر ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔





