وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آج بلیوارڈ روڈ کی چوڑائی اور فور لیننگ ( نہرو پارک سے کرال سنگری تک آر ڈی 2000 میٹر سے آر ڈی 7000 میٹر ) کا سنگِ بنیاد رکھا ، جو حکومت کی سرینگر کے خوبصورت اور سیاحتی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے ۔ یہ منصوبہ جو پبلک ورکس ( آر اینڈ بی )ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تقریباً 19.94 کروڑ روپے کی لاگت سے عمل میں لایا جا رہا ہے ، کشمیر کی سب سے مشہور جھیل کے کنارے کی سڑک رابطے کو بہتر بنانے کا ہدف رکھتا ہے ۔اس موقع پرنائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے خانیار علی محمد ساگر ، ایم ایل اے حضرت بل شیخ سلمان علی ساگر ، ایم ایل اے ذڈی بل تنویر صادق ، ایم ایل اے چھان پورہ مشتاق گورو ، چیف انجینئر آر اینڈ بی اور دیگر سینئر افسران اور عملہ موجود تھے ۔







