سری نگر// سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) ابھی بھی موجود ہے اور اپنا کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی دس روز قبل ہی ایک میٹنگ بھی منعقد ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ حد بندی کمیشن کی طرف سے 20 دسمبر کو بلائی جانے والی میٹنگ کے بارے میں مجھے ابھی کوئی معلومات نہیں ہیں۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بارہمولہ میں پارٹی ورکرس کنوینشن سے خطاب کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’پی اے جی ڈی ابھی بھی موجود ہے ان کی دس روز قبل ہی ملاقات ہوئی ان کا اپنا کام جاری ہے اور وہ اپنی سطح پر کام کر رہے ہیں‘۔حد بندی کی کمشین کی طرف سے 20 دسمبر کو بلائی جانے والی میٹنگ کے متعلق پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا: ’مجھے ابھی اس میٹنگ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں ،میں یہ آپ سے سن رہا ہوں، میں کنفرم کروں گا کہ کیا واقعی ہے اگر ہے تو ہم اس پر بات کریں گے‘۔جب ان یہ پوچھا گیا کہ آپ نے ورکرس سے خطاب کے دوران کہا کہ جب دفعہ370 ہٹایا گیا تو کچھ علاحدگی پسند لیڈر گالف کھیل رہے تھے اور دلی میں شاپنگ کر رہے تھے، تو انہوں نے کہا: ‘اس پر آپ خود کام کریں یہ میرا جاب نہیں ہے کہ میں آپ کا کام کروں‘۔ان کا کہنا تھا کہ بارہمولہ میں منعقدہ ورکرس کنوینشن منعقد کرنے کا مقصد ورکرس کا شکریہ ادا کرنا اور نئی ٹیم کی باتیں سننا اور ان کو اپنی باتیں بتانا تھا۔