سری نگر// قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے جمعرات کے روز سری نگر اور بارہ مولہ میں ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں چار مقامات پر چھاپے مارے ۔این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’تفتیشی ایجنسی کی ایک ٹیم نے پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہمراہ جمعرات کے روز شمالی کشمیر کے بارہ مولہ سوپور اور سری نگر میں چار مقامات پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی جس دوران ایک ملی ٹینٹ معاون جس کی شناخت عرفان طاریق کے بطور ہوئی ہے کو گرفتارکیا گیا‘۔ترجمان نے کہا کہ ’تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گرفتار شخص جنگجو تنظیم کا معاون ہے اور وہ سرگرم ملی ٹینٹوں کی مدد و اعانت کے کام پر مامور تھا‘۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ کیس کالعدم دہشت گرد تنظیموں بشمول لشکر طیبہ، جیش، حزب المجاہدین، البدر اور ان سے وابستہ ٹی آر ایف جیسی تنظیموں کی طرف سے جموں وکشمیر، دلی اور دوسرے بڑے شہرؤں میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے بارے میں موصولہ اطلاعات کے متعلق درج کیا گیا ہے‘‘۔این آئی اے ترجمان نے مزید بتایا کہ اکتوبر کی 10 تاریخ کو درج کئے جانے والے اس کیس میں اب تک 28 ا فراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس کیس کے متعلق مزید تحقیقات جاری ہے۔