سری نگر// جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے ہردہ میر علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’سب ضلع ترال میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر چھپے بیٹھے جنگجووں نے فورسز پر فائرنگ شروع کی‘۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ترجما نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔