جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج سول سیکرٹریٹ میں جموںوکشمیر کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ کی طرف سے عملائی جارہی مختلف سکیموں کے تحت حصولیابیوںاورکارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ دورانِ میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر نے دیہی علاقوں میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پید ا کرنے کے لئے کے وی آئی بی اور محکمہ صنعت کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیاتاکہ مائیکرو انڈسٹریز سیکٹر کی مکمل صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے بورڈ کے اَفسران سے کہا کہ وہ وہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لئے مانگ پر مبنی پروگراموں کو بڑھانے اورعوام سے موصول ہونے والے ردِّعمل کے مطابق مختلف سکیموں کے تحت اہداف پر نظرثانی کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا،’’ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بورڈ کو جموںوکشمیر یوٹی کی مجموعی ترقی میں ایک قابل قدر شراکت دار بنائیں۔‘‘ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کے وی آئی بی نے پرائم منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام ( پی ایم اِی جی پی ) کے تحت جاب کریشن میں اَب تک کی سب سے زیادہ کارکردگی کاریکارڈ ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مالی سال 2021-22 میں 25؍ دسمبر تک کے وی آئی بی نے جموں وکشمیر میں 26,000 روزگار کے مقابلے میں 90,000 روزگار پیدا کئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے وی آئی بی یونٹوں کے ذریعے تیار کردہ مصنوعات کی اَپ گریڈیشن کے لئے اِقدامات کر رہی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’ ہمارا زور کاٹیج او روِلیج اِنڈسٹری کو سپورٹ کرنا، روایتی فن کو مضبوط کرنا اور کاریگروں کے لئے پائیدار روزگار پیدا کرنا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے خواتین ، کمزور اور پسماندہ طبقے کے درمیان کاروباری ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ۔ اُنہوں نے جے اینڈ کے رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام( جے کے آر ای جی پی )کے تحت فوائد کی توسیع کے لئے زیادہ سے زیادہ قومی بینکوں کو آن بورڈ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اِستفادہ کنند گان کی آدھار سیڈنگ کو یقینی بنانے ، اہل استفادہ کنند گان کوآرٹزن کریڈٹ کارڈ جاری کرنے کے علاوہ مختلف سکیموں کے استفادہ کنندگان سے باقاعدہ رائے لینے کے لئے بھی واضح ہدایات جاری کی گئیں۔لیفٹیننٹ گورنر اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ معلومات ، تعلیم اور مواصلاتی مہم چلانے کے لئے کھادی اینڈ وِلیج اِندسٹریز بورڈ او رمحکمہ صنعت کے کام کے ساتھ زیادہ سے زیادہ آبادی تک رَسائی حاصل کریں تاکہ یہ دِکھا یا جاسکے کہ کس طرح کی پہل او رسکیمیں عام شہریوں کی زندگیوں کو بدل رہی ہیں۔اِس سے قبل وی سی جے اینڈ کے کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے روایتی اور کاریگروں ، دیہی اور شہری بے روزگار نوجوانوں کے ایک بڑے طبقے کوپائیدار روزگار فراہم کرنے کے لئے بورڈ کے ذریعے نافذ کئے جانے والے جموں وکشمیر کے وی آئی بی کی مستقبل کی سرگرمیوں، ان کی بہتر روزی روٹی کے لئے پروگراموں اور سکیموں کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔میٹنگ کو سابق فوجیوں اور ویر ناریوں کی سہولیت کے لئے کے وی آئی بی کی طرف سے کی گئی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، چیئرمین جے اینڈ کے بینک آر کے چبر ،پرنسپل سیکرٹری رنجن پرکاش ٹھاکر، ڈائریکٹر صنعت وحرفت جموں انوملہوترا کے علاوہ دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔