نئی دلی/27جنوری
پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر جے اینڈ کے بپل پاٹھک نے 73ویں یومِ جمہوریہ کے موقعہ پر جے اینڈ کے ہاؤس ،5 پرتھوی راج روڈ، نئی دہلی میں قومی جھنڈا لہرایا۔اِس موقعہ پر جموںوکشمیرآرمڈ پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور کووِڈ۔19 وَبائی اَمراض کے پیش نظر جمع ہونے سے گریز کے بارے میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے رسمی تقریب میں نئی دہلی میں تعینات جموںوکشمیر کے اَفسران اور ملازمین نے شرکت کی۔کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کی وجہ سے کوئی ثقافتی سرگرمیاں نہیں تھیں۔ اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یادکرنے کا دِن ہے جنہوں نے ہماری قوم کے وَقار کے لئے اَپنی جانیں نچھاور کیں ۔اُنہوں نے کثرت میں وحدت اور سا لمیت کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دِن ہے جس دِن ہندوستان کے آئین کو اَپنایا گیا ہے اور ہمارا ملک سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت کے طور پر اُبھرا ہے۔بعد میں پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے جموںوکشمیر ہاؤس کے اَفسران اورملازمین سے بات چیت کی اور اَفسران کو توصیفی اَسناد سے نوازا۔