جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو پاکستان کا نام لئے بغیرکہا کہ ’پڑوسی ملک‘سے پیدا ہونے والی منشیات کی دہشت گردی ایک بڑا چیلنج ہے اور سیکورٹی ایجنسیاں اس لعنت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق لیفٹنٹ گورنرنے سنیچرکو جموں کے چنی بائی پاس پر منشیات سے نجات کے مرکز کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔یہ مرکز، جموں صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا، 5اعشاریہ57 کروڑ روپے ، 3اعشاریہ57 کروڑ روپے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اور 2 کروڑ روپے CSR کے تحت ائیرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کی لاگت سے قائم ہو رہا ہے اور امکان ہے کہ اگلے سال فروری تک مکمل ہوگا۔لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہا نے مذکورہ مرکزکا سنگ بنیاد رکھنے کے بعدیہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی انتظامیہ اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے کہا کہ وہ مشترکہ طور پر منشیات کی دہشت گردی کے چیلنج کا مقابلہ کرنے اور نوجوانوں کے مستقبل کو بچانے کا عہد کریں جو سرحد پار سے منشیات کو آگے بڑھانے کی سازش کا اصل ہدف ہیں۔پاکستان کا نام لیے بغیر،منوج سنہا نے کہا کہ ”پڑوسی ملک“ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت منشیات کو سرحد کے اس طرف دھکیل رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ مقصد واضح ہے، جسے سمجھنے کے لئے راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہے۔ روایتی جنگوں میں بار بار شکست کے بعد، ہمسایہ ملک جموں و کشمیر اور پڑوسی ریاستوں میں نوجوانوں کو تباہ کرنے کے لئے درپردہ جنگ میں شامل ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز درپردہ جنگ میں بھی برتری حاصل کر رہی ہیں لیکن سرحدپار کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کےلئے مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک سے پیدا ہونے والی منشیات کی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ ’منشیات دہشت گردی ایک بڑا چیلنج ہے اور ہماری سیکورٹی ایجنسیاں بشمول جموں و کشمیر پولیس انسداد منشیات کے لئے کام کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اس لعنت کے خاتمے کے لئے سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی کوششوں کو تقویت دیں۔انہوں نے ملک بھر کے 272 اضلاع کی نشاندہی کا حوالہ دیا جہاں منشیات کے استعمال کی شرح بہت زیادہ ہے اور کہا کہ ان میں سے10اضلاع جموں و کشمیر میں ہیں جو بہت تکلیف دہ ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کاکہناتھاکہ جب ہم اچھے اداکاروں میں شامل ہوتے ہیں تو ہمیں خوشی ہوتی ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ غریب، متوسط اور امیر طبقے میں منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں ایک کثیرالجہتی حکمت عملی کی ضرورت ہے – لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ منشیات کے عادی افراد کو قومی دھارے میں واپس لانا، سرحد پار سے منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کی کوششوں کو تیز کرنا اور اس لعنت کا مقابلہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم اور لوگوں کی شمولیت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو ذمہ داری کا اشتراک کرنا ہوگا اور آئیے ہم اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے اس لعنت کو ختم کرنے کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا عہد کریں۔دہشت گردی اور منشیات دونوں کے خلاف پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ یہ فورس 2013 سے منشیات کے خاتمے کے مراکز چلا رہی ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ گزشتہ سال جون میں، مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار نوجوانوں کا ایک سروے ہوا تھا۔ ان میں سے تقریباً 70 فیصد منشیات کے عادی پائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ بشمول پولیس، اکیلے اس خطرے کا مقابلہ نہیں کر سکتی اور اسے مجموعی طور پر معاشرے کی حمایت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں رضاکاروں کی ایک فوج دستیاب ہے اور دیہی اور شہری علاقوں میں ہر سطح پر نوجوانوں کی شمولیت سے منشیات کے خلاف مہم میں بہتر نتائج حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
منشیات اسمگلنگ :دہشتگردوں کیلئے آکسیجن ،نوجوانوںکی تباہی :ڈی جی پی
جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی فورس جموں و کشمیر میں10 نشہ چھٹکارا مراکز چلا رہی ہے، جو 6000 سے زیادہ منشیات کے عادی نوجوانوں کا علاج کر رہی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق جموں کے چنی بائی پاس پر منشیات سے نجات کے مرکز کی تعمیر کا سنگ بنیادرکھنے کی ایک تقریب کے موقعہ پرڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہاکہ منشیات دہشت گردی سے بھی بڑا چیلنج بن کر اُبھر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ دہشت گردوں کو پیسے کے ذریعے نہ صرف آکسیجن فراہم کر رہا ہے بلکہ یہ ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک بنا رہا ہے۔پولیس چیف نے مزید کہا کہ دہشت گرد انفرادی طور پر لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، چاہے وہ عام شہری ہوں یا سیکیورٹی فورسز لیکن منشیات کے گروہ خاندانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور معاشرے کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے پروجیکٹ کی منظوری کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی ستائش کی اور کہاکہ پہلے، ہم ٹکڑوں میں کام کر رہے تھے کیونکہ ہم منشیات سے نجات کے 10مراکز چلا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سری نگر میں صرف ایک بڑی سہولت دستیاب ہے، جبکہ جموں خطے میں اس طرح کی یہ پہلی سہولت ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ ہم بڑے پیمانے پر منشیات پکڑ رہے ہیں اور دہشت گردی کو ہوا دینے کے لئے منشیات کی سمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم بھی۔ڈی جی پی نے لوگوں سے منشیات کے خلاف جنگ میں آگے آنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ اس بڑھتے ہوئے خطرے کو ختم کرنے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔