سید اعجاز
پلوامہ : ضلع پلوامہ کے راج پورہ علاقے میں بدھ کو ہاف میراتھن ریس کے دوران 11ویں جماعت کے ایک طالب علم کی موت ہو گئی۔یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی ہدایت پر مختلف زونز میں ہاف میراتھن ریس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ کو شادی مرگ زون اور ضلع کے دیگر چار زونوں میں آج ایک ہاف میراتھن ریس کا شیڈول تھا اور اس کے مطابق علاقے کے ہر اسکول کو پانچ طلباء بھیجنے کی اطلاع دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہائیر سیکنڈری سکول راجپورہ نے بھی پانچ طلباء کو بھیجا ہے اور آج صبح جب ریس کا آغاز ہو رہا تھا تو لڑکا چند میٹر کے فاصلے پر ہی بے ہوش ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر پی ایچ سی راجپورہ منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں ضلع اسپتال پلوامہ ریفر کیا گیا۔ تاہم اسے وہاں مردہ قرار دے دیا گیا۔جاں بحق طالب علم کی شناخت شاہنواز احمد میر ولد غلام محمد میر ساکن چاند پورہ راج پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہائیر سیکنڈری راجپورہ میں 11ویں جماعت کا طالب علم دل کا مریض تھا اور اس کی پہلے ہی تین سرجری ہو چکی تھیں۔دوڑ کے لیے اپنے انتخاب کے بارے میں، انھوں نے کہا کہ یہ والدین کا فرض ہے کہ انھیں ہاف میراتھن میں شامل ہونے کی اجازت دینے سے پہلے اساتذہ کو ان کے مسائل سے آگاہ کریں