سید اعجاز
منشیات کی وباء سے نوجوان نسل کو دور اور پاک رکھنے کے لئے سولیس ٹرسٹ (رجسٹرڑ)نے بڑے پیمانے پر عوام میں بیداری لانے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔اس سلسلےکی ایک کڑی کے طور پر کل (بدھ) کو سولیس ٹرسٹ لعل نگر چھانہ پورہ سرینگر کی جانب سےمیونسپلٹی کے میریج ہال میں ایک جانکاری پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔پروگرام کی صدارت علی محمد ریشی نے انجام دی جبکہ وادی کے مایہ ناز ادیب، شاعراور تجزیہ نگار ظریف احمد ظریف خاص مہمان کی حیثیت سے موجود تھے۔ پروگرام میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقعہ مقررین نے منشیات کی بدعت سے نوجوان نسل کو بچانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سماج کے ہر فرد کو انفرادی اور اجتماعی طور پراس بدعت کا قلع قمع کرنے میں اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔مقررین نے سماج پر منشیات کے مضر اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سدبات کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور کسی بھی طرح کی کوتاہی سنگین نتائج کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوںنے نوجوان نسل کو اس لت سے بچانے کی تدابیر پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پر اور لوگوں کے علاوہ عبد الباسط،سماجی کار کن عمراحمد، اور عالیہ علی نے بھی اپنے خیالات کاظہار کر کے اس بدعت کے خاتمے میں ہر فرد کی انفرادی ذمہ داری کی اہمیت وافادیت اجاگر کی۔تقریب میں موجود لوگوں نے اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے پر ٹرسٹ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا ہے۔اس موقعہ پر علی محمد ریشی نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام وادی کے مختلف علاقوں میں منعقدکئے جائیں گے ۔