-
بشارت رشید
اونتی پورہ: ایڈز کے عالمی دن کے موقعے پر سید منطقی میموریل کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ کشمیر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں فیکلٹی ممبران اور طالب علموں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران عالمی سطح پر اس مہلک مرض سے ہونے والی اموات اور بیماروں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے علاوہ ایڈز سے بچاو کے طریقے پر مفصل جانکاری فراہم کی گئی۔ سید منطقی کالج سے وابستہ فیکلٹی ممبران نے بھی ایڈز کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، اور شرکاء کو اس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منطقی کالج کی پرنسپل پروفیسر عصمت پروین نے کہا کہ اس پروگرام کے دوران انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ یہ بیماری کیسے پھیلتی ہے اور اس کے پھیلاؤ کو کیسے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایڈز کا عالمی دن ہر سال یکم دسمبر کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد ایڈز اور اس کے علاج سے متعلق لوگوں میں آگاہی پھیلانا ہوتا ہے۔