سری نگر:11،دسمبر: دبئی گرینڈ انٹرنیشنل اسکول زینہ کوٹ میںکل سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام شعبہ عربی نے کیا تھا۔ڈی جی آئی ایس کے چیئر مین حنیف بٹ اورپرنسپل پرویز احمد پال کی موجودگی میں طلبائ نے کئی پروگرام پیش کئے اورپیارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف ادوار پر گفتگو کی۔ مختلف زبانوں میں تقاریر ہوئیں جن میں عربی، انگریزی، اردو، کشمیری اور ہندی زبانیں بھی شامل تھیں۔ کانفرنس کی میزبانی سکولی طالبات ایشا اور شیما نے کی۔ پروگرام کا آغاز حسب معمول تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت اور استقبالیہ کلمات شعبہ عربی کے معزز رکن محمد اقبال نے پیش کیے جس کے بعد H.O.D عربی طارق حمید شاہ ندوی اور فیضان نے تہنیتی کلمات پیش کیے۔سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر بین الاقوامی سربراہی اجلاس کے نام سے ایک خصوصی پروگرام تھا جس میں طلباءنے مختلف ممالک جیسے برطانیہ، ہندوستان، سعودی عرب کے نمائندوں کے طور پر کام کیا۔ایکشن سانگ سکول کی ننھی کلیوں نے پیش کیا جبکہ تاباں فیروز کی قیادت میں طلباءنے ایک گروپ نعت پیش کی۔ مس شافعہ اور مسز فرحت کی زیر نگرانی ایک آرٹ اور خطاطی کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں طلبائ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کا موقع ملا۔ جیوری نے فاتحین کا فیصلہ کیا اور انہیں حنیف بٹ اور پرنسپل پرویز احمد پال نے مبارکباد دی۔