سری نگر:۵۱، مارچ: لائن آف کنٹرول اوربین الااقوامی سرحدوں کی حفاظت ونگرانی پر مامورسرحدی حفاظتی فورس(BSF)کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (مغربی کمان) پی وی راما ساستری نے بدھ کے روز کہاکہ جموں و کشمیر میں سرحدوں پر حالات قابو میں ہیں اور سرحد کو ناقابل تسخیر بنا دیا گیا ہے، لیکن بی ایس ایف چوکس ہے اور ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کو ناکام بنانے میں کامیاب رہے گی۔جے کے این ایس کے مطابق یہاں بی ایس ایف کے ذیلی تربیتی مراکز (ایس ٹی سی) کشمیر میں تازہ بھرتی ہونے والوں کی پاسنگ آو¿ٹ پریڈ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈی جی بی ایس ایف (ویسٹرن کمانڈ) پی وی راما ساستری نے کہا کہ سرحد کی حفاظت کسی بھی ملک کی داخلی سلامتی کےلئے بہت اہم کردار ادا کرتی ہے،اور ہم یہ کردار بہت کامیابی سے ادا کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بی ایس ایف 1965 سے بہت اہم کردار ادا کر رہی ہے اور تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف نے کہاکہ آج کے حالات میں بھی بی ایس ایف اپنا حصہ ڈال رہی ہے، چاہے وہ دراندازی کو روکنا ہو، ڈرون کے خلاف کارروائی ہو،سرنگ مخالف کارروائیوں میں ہو یا اسمگلنگ کو روکنے میں، ہم ان تمام کرداروں میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کامیاب بھی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سرحدی آبادی کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کے لئے بھی فورس سرگرم عمل ہے ۔ایڈیشنل ڈی جی بی ایس ایف نے کہا کہ بی ایس ایف دراندازی کو روکنے کےلئے سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے اور اگر اُس طرف سے دراندازی کی کوئی کوشش ہوئی تو ہم دراندازوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔پی وی راما ساستری نے کہا کہ ہم یقینی طور پر زمین سے دراندازی کو روکنے میں کامیاب رہے ہیں اور کسی بھی غلط مہم جوئی، کسی بھی کوشش کو روکنے کےلئے، زیر زمین میکانزم کو بھی استعمال کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم نے حالات پر قابو پالیا ہے اور سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے تاکہ وہ قوتیں جو ملی ٹنسیسے لڑ رہی ہیں، ان کے ہاتھ مضبوط ہوں۔ ایڈیشنل ڈی جی بی ایس ایف کاکہناتھاکہ بی ایس ایف چوبیسوں گھنٹے چوکس ہے۔انہوںنے پھرکہاکہ ہم کامیاب رہے ہیں اور ہم کسی بھی مہم جوئی یا ملک کے خلاف کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوں گے۔سرحد پار سے جموں و کشمیر میں منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ کے لئے ڈرون کے استعمال کے بارے میں پوچھے جانے پر، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف (مغربی کمان) پی وی راما ساستری نے کہا کہ اسمگلر ہمیشہ نئے ذرائع تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈرون اسمگلنگ کا ایک میڈیم ہے۔ وہ پہلے بھی اس طرح کے طریقے استعمال کرتے رہے ہیں، جو ہمارے کنٹرول میں تھے۔ پچھلے تین چار سالوں سے وہ ڈرون استعمال کر رہے ہیں۔ لیکن، ہم نے ڈرون کا مقابلہ کرنے میں اچھی کامیابیاں حاصل کی ہیں، چاہے وہ انہیں نیچے لانا ہو، یا پے لوڈ کو گرائے بغیر واپس پلٹنے پر مجبور کرنا ہو یا گرے ہوئے پے لوڈ کو ضبط کرنے میں۔انہوں نے کہاکہ ہم ان علاقوں میں مقامی پولیس کےساتھ اچھی کوآرڈینیشن رکھے ہوئے ہیں جہاں ایسی چیزیں ہوتی ہیں۔ایڈیشنل ڈی جی بی ایس ایف نے مزیدکہاکہ ہم گروہوں کو بھی گرفتار کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس طرح کے واقعات میں کمی آئی ہے، اور میرے خیال میں، مستقبل میں، ہم اسے مکمل طور پر کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوں گے