سری نگر:۰۲،مارچ:جے کے این ایس : جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیرکو سری نگر کی مشہور ڈل جھیل میں منعقدہ سرس آجیویکا میلے میں شرکت کی۔جے کے این ایس کے مطابق لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے اس موقعہ پر کہاکہ سرس آجیوکا میلہ دیہی سیلف ہیلپ گروپس اور کاریگروں کو اپنی مصنوعات کا مظاہرہ کرنے، خریداروں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے اور ڈیزائن، پیکیجنگ اور سوشل میڈیا اشتہارات کے بارے میں جاننے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ سیلف ہیلپ گروپ خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکاکہناتھاکہ ہم(حکومت ) نے خواتین کاروباریوں کو اپنے کاروبار کو بڑھانے اور عالمی منڈی سے منسلک ہونے کے مواقع فراہم کرنے میں مدد کرنے کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں 78ہزار سے زیادہ سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ تقریباً6.27 لاکھ خواتین نے دیہی معیشت کو بدل دیا ہے، ملازمتیں پیدا کی ہیں اور کچھ نے بڑے کاروباری ادارے بننے کی صلاحیت بھی ظاہر کی ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے خواتین کاروباریوں اور سیلف ہیلپ گروپس کے ارکان سے جموں کشمیر میں ہونے والی سماجی و اقتصادی تبدیلی کی قیادت کرنے پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم کی رہنمائی میں، گزشتہ تین سالوں میں ہماری کوششوں نے خواتین کو ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کیے ہیں اور انہیں ترقی یافتہ اور اتمنربھر جموں و کشمیر کے ہدف کو حاصل کرنے میں مساوی شراکت دار بننے کے قابل بنایا ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے محکمے اور جے اینڈ کے دیہی روزی روٹی مشن کو دیہی خواتین کی روزی روٹی کو محفوظ بنانے اور ان کے کاروباری سفر کے لیے مناسب تربیت اور دیگر مدد فراہم کرنے کے لیے ان کی کوششوں پر مبارکباد دی۔انہوںنے حکومت کے فلیگ شپ پروگراموں اور اسکیموں پر روشنی ڈالی جو جموں کشمیر میں خواتین کی زندگیوں پر زیادہ اثر ڈال رہی ہیں۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکاکہناتھاکہ ہمارا مقصد خواتین کی قیادت میں ترقی ہے،اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ شہری، دیہی اور دور دراز علاقوں میں خواتین کاروباریوں کو پیکیجنگ، برانڈنگ، لائسنسنگ، اسکلنگ اور مارکیٹنگ میں تمام مالی امداد اور ضروری ہینڈ ہولڈنگ ملے کیا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے دیہی روزی روٹی مشن کی اشاعت جاری کی۔قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر اور ملک بھر سے منفرد مصنوعات، روایتی کھانوں کی نمائش کرنے والے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور کاریگروں، خواتین کاروباریوں اور سیلف ہیلپ گروپس کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔ کمشنر سکریٹری، محکمہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج مندیپ کورنے اس پہل کے مقاصد اور متعلقہ حلقوں سے موصول ہونے والے مثبت جواب کے بارے میں بتایا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری سمیت کئی اعلیٰ حکام بھی موجودتھے ۔