سری نگر:۰۲،مارچ:جے کے این ایس : کشمیرہاٹ واقع نمائش گراﺅنڈ سری نگرمیں پیرکی صبح میلے کاسماں تھا ،کیونکہ یہاں منعقدہونے والے جامع روزگار میلے میں قسمت آزمائی کیلئے سینکڑوں تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان اپنی تعلیمی قابلیت اور تجربے سے متعلق اسناد لیکر آئے تھے ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کے محکمہ محنت وروزگار کی جانب سے پیر20مارچ 2023کویہاں کشمیرہاٹ واقع نمائش گراﺅنڈ سری نگرمیں ایک جامع روزگار میلے کاانعقاد کیاگیا ،جس میں 100سے زیادہ کمپنیاں اور صنعتی وکاروباری افراد نے شرکت کی ۔روزگار میلے میں اپنی قسمت آزمانے کیلئے وادی بھر سے سینکڑوں نوجوان یہاں پہنچے اورانہوںنے اپنی تعلیمی قابلیت اوراہلیت کی بنیاد پر مختلف کمپنیوں ونجی اداروںکی جانب سے ظاہر ومشتہر کردہ عہدوں بشمول ڈرائیور ،سیلز منیجر وغیرہ کیلئے انٹرویوز دئیے ۔مختلف کمپنیوں کے نامزدعہدیداروںنے روزگار کے متلاشی وخواہشمند اُمیدواروںکی اسناد کودیکھنے کے بعداُن سے سوال جواب کیا ۔اُمیدواروں سے اُن کے تجربے کے بارے میں بھی پوچھا گیا ،اور یہ بھی پوچھاگیاکہ وہ کیوں اس کمپنی میں کسی کام یاعہدے کیلئے ملازمت کے خواہاں ہیں ۔اس یک روزہ روزگار میلے میں شامل ہونے والے اُمیدواروںمیں لڑکیوںکی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی ،جنہوںنے اپنی تعلیمی قابلیت اوراہلیت کی بنیاد پر مختلف کمپنیوںمیں مختلف ملازمتوں کیلئے قسمت آزمائی کی ۔محکمہ محنت وروزگار کے حکام نے بتایاکہ اس نوعیت کے جامع روزگار میلے کے انعقاد کامقصد بے روز تعلیم یافتہ اورہنرمندنوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقعے پیداکرنا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پیر کوکشمیرہاٹ واقع نمائش گراﺅنڈ سری نگرمیں منعقدہ روزگار میلے میں 100سے زیادہ نجی کمپنیاں اور صنعتی وکاروباری افراد شامل ہوئے ،اورانہوںنے اپنی کمپنیوں واداروںکی ضرورت کے مطابق اُمیدواروںکاانتخاب عمل میں لایاجبکہ اس روزگار میلے میں شرکت کیلئے آئے نوجوانوںنے بھی بڑھ چڑھ کر اس سارے عمل میں حصہ لیا۔ذرائع نے بتایاکہ تقریباً6گھنٹے تک جاری رہنے والے اس روزگار میلے میں سینکڑوں نوجوانوںنے اپنی قسمت آزمائے اوران میں سے 2000سے زیادہ نوجوانوںکو اُنکی اہلیت وصلاحیت نیز متعلقہ کمپنیوںکی ضرورت کے مطابق ملازمتیں فراہم کی گئیں ۔کشمیر ہاٹ واقع نمائش گراﺅنڈ سری نگرمیں منعقدہ جامع روزگار میلے کو دیکھنے کیلئے ڈویژنل کمشنر کشمیر وی کے بدھوری،ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز بھی یہاں پہنچے ۔انہوںنے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ روزگار میلوںکے انعقاد کامقصد نوجوانوںکوروزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے ۔انہوںنے کہاکہ آج یہاں منعقد ہورہے روزگار میلے میں141کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں ۔صوبائی کمشنر کشمیرنے کہاکہ تقریباً2500نوجوانوںکو مختلف کمپنیوںمیں ایڈ جسٹ کیا جائے گا۔