سری نگر:۷،پریل: جموں وکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو ان شہریوں سے بات چیت کی، جنہوں نے”ایل جی ملاقات“ کے دوران JKGRAMS پورٹل پر اپنی شکایات پیش کی تھیں۔جے کے این ایس کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا پختہ عزم ہے کہ عوامی شکایات کو وقت کے ساتھ حل کیا جائے اور ہمہ جہت ترقی کیلئے تیزی سے تبدیلی لائی جائے۔منوج سنہا نے مشاہدہ کیا کہ ہم نے موثر پبلک سروس ڈیلیوری میکانزم تیار کرنے کےلئے کئی بڑے اقدامات شروع کئے ہیں اور اس سے عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شفاف اور جوابدہ طرز حکمرانی اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ترقی کا فائدہ تمام طبقوں، خاص طور پر قطار میں کھڑے آخری آدمی تک پہنچے۔شہریوں سے بات چیت کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے ان کی شکایات اور متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے کی گئی کارروائی کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے پچھلی میٹنگ میں دی گئی ہدایات پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کیں۔شنکراچاریہ چوٹی کے دامن میں ماحولیات کے تحفظ اور صفائی ستھرائی سے متعلق سری نگر کے ایک شخص کی شکایت پر لیفٹیننٹ گورنر نے کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن کو مناسب کارروائی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اس معاملے کو دیکھنے کی ہدایت کی۔اننت ناگ کے ڈسٹرکٹ میٹرنٹی اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال شیرباغ کے وارڈز اور باتھ رومز کے بارے میں شکایت کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے لیفٹنٹ گورنر کو بتایا کہ ہسپتالوں کے باتھ روموں کی تزئین و آرائش اور فیس لفٹنگ کا کام پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور شکایت کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے شیخ عرفان رسول کی نگلی نالہ میں ٹھوس کچرے کو پھینکنے اور ماحولیات پر اس کے مضر اثرات کے بارے میں شکایت کا ازالہ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے ڈپٹی کمشنربارہمولہ سے کہا کہ وہ کچرے کے مضبوط انتظام کے لیے مقامی پی آر آئی کے ذریعے ایک جامع حکمت عملی مرتب کریں۔پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایس ایچ فاروق احمد نے حاجی بل میں غیر قانونی ریت نکالنے کی شکایت پیش کی تھی جس پر لیفٹیننٹ گورنر نے ڈپٹی کمشنر کو سخت اور فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔کیمونٹی ہیلتھ سینٹر بنی میں گائناکالوجسٹ سپیشلسٹ کی عدم دستیابی کی شکایت کا جواب دیتے ہوئے محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے انتظامی سکریٹری نے چیئر کو آگاہ کیا کہ فوری طور پر روٹیشن کی بنیاد پر ماہر کا بندوبست کیا جائے گا۔ایل جی ملاقات کے موقع پر، زراعت اور اس سے متعلقہ شعبے کی ہمہ گیر ترقی کے لیے تربیتی پروگرام کے کامیاب نفاذ پر بھی بات چیت ہوئی۔ یہ تربیتی پروگرام محکمہ زراعت کی طرف سے تمام ?? اضلاع میں کسانوں کے لیے چلایا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ زراعت پیداوار اتل ڈلونے24 اپریل سے31 اگست 2023 کے درمیان منعقد ہونے والے تربیتی پروگرام کی تفصیلی پیشکش کی۔ کمشنر/سیکرٹری، عوامی شکایات ریحانہ بتول نے ایل جی کے مکاتب کی کارروائی چلائی۔اس دوران چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، ایڈیشنل چیف سکریٹری ، محکمہ داخلہ آر کے گوئل، ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ زراعت پیداوار اتل ڈلو، انتظامی سیکرٹریز،جموں اورکشمیرکے ڈویڑنل کمشنر، تمام اضلع کے ڈپٹی کمشنرز، پولیس سپرنٹنڈنٹس، محکموں کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران ذاتی طور پر اور ورچوئل موڈ کے ذریعے بات چیت کے دوران موجود تھے۔