سری نگر:۸،پریل: جے کے این ایس : جموں و کشمیر میں G20 میٹنگ کے انتظامات اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے مرکزی وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم سری نگر میں موجودہے ،یہ ٹیم جمعہ کویہاں پہنچی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران کیاعلیٰ سطحی ٹیم کے دورے کے بعد نئی دہلی میں ایک اور دو روزہ میٹنگ ہوگی۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق زیادہ تر امکان ہے کہ 15 اور 16 اپریل کو جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال اورر خاص طور پر مئی2023 میں سری نگر میں ہونے والے جی 20 اجلاس کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیاجائےگا۔ایک موقرانگریزی اخبار نے اپنی نیوز رپورٹ میںسرکاری ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ جموں و کشمیر حکومت کے علاوہ وزارت خارجہ اور مرکزی وزارت داخلہ نے سرینگر میںG20 پرامن اجلاس کو یقینی بنانے کےلئے کمر کس لی ہے اور کشمیروادی میں کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہونے کو یقینی بنانے کےلئے پہلے سے ہی حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں مزید بتایاگیاہے کہ اس کے پیش نظر،مرکزی وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو سینئر افسران پر مشتمل ایک ٹیم جمعہ کی شام سری نگر پہنچی اور یہاں پہنچنے کے فوراً بعد سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاس رپورٹس ہیں کہ پاکستان میں بیٹھے ملی ٹنٹ اور ان کے کمانڈر ،ملی ٹنٹ تنظیموں کے اعلیٰ کمانڈروں کے خاتمے اور وادی میں حملہ کرنے میں ناکامی کی وجہ سے بری طرح مایوس تھے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ایسی صورت حال میں، ملی ٹنٹ جی 20 اجلاس سے پہلے نرم اہداف پر حملہ کر سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم،جموں وکشمیر بالخصوص وادی کی تازہ سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے جموں وکشمیر کے اعلیٰ سیول اور پولیس افسران سے بھی ملاقات کرے گی تاکہG20 اجلاس سے قبل پورے جموں و کشمیر خاص طور پر وادی میں میٹنگ کے دوران سیکورٹی انتظامات کو مکمل طور پر حتمی شکل دی جا سکے۔ذرائع نے مزید بتایاکہ G20میٹنگ کے مقام اور وہ جگہیں جہاں جی20 کے غیرملکی مندوبین دورہ کریں گے، مقررہ سربراہی اجلاس کی تاریخ سے تقریباً ایک ہفتہ قبل 7×24 سیکورٹی نیٹ کے تحت آجائیں گے، ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز ان سبھی مقامات کی حفاظت کریں گی،جہاں غیرملکی مندوبین کودورہے کیلئے لیاجائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایسی تمام جگہوں کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے گا۔ذرائع نے مزید کہاکہ مرکز اور جموں و کشمیر حکومت G20 اجلاس کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ دورہ کرنے والی مرکزی ٹیم جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی عمومی صورتحال کا بھی جائزہ لے گی۔دریں اثنا، ذرائع کے مطابق، مرکزی وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران کی ٹیم نئی دہلی واپسی کے بعد ممکنہ طور پر 15اور 16 اپریل کو نئی دہلی میں جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لے گی۔نئی دہلی میں منعقدہونے والی مجوزہ میٹنگ میں G20 میٹنگ کے علاوہ سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر کئے جانے والے سیکورٹی ودیگرانتظامات کاجائزہ بھی لےاجائےگا۔اگرچہ امرناتھ شرائن بورڈنے یاترا کے لیے ابھی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن ایسی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ اس سال یاترا تقریباً 60 دن تک چل سکتی ہے جس کے لیے مرکزی وزارت داخلہ کو اضافی نیم فوجی دستوں کو تعینات کرنا ہوگا۔