سری نگر:۳۱،اپریل:نجی ٹرانسپورٹروںکی تنظیم آل جموں وکشمیرٹرانسپورٹرس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اپنے6نکاتی مطالبات کی روشنی میں 17اپریل2023کوپہیہ جام ہڑتال کرنے کااعلان کیاہے ۔جے کے این ایس موصولہ بیان میں آل جموں وکشمیرٹرانسپورٹرس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ نجی ٹرانسپورٹروںکودرپیش مسائل اور مطالبات کواُجاگر کرنے کیلئے جموں وکشمیرمیں17اپریل کوچکہ جام یاپہیہ جام ہڑتال کی جائیگی ۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شیخ محمدیوسف نے کہاکہ 8اپریل کوشبیراحمدمٹھ کی صدارت میں اُنکے دفترمیںمختلف ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنوں،کمپنیوںاور یونینوںکے نمائندوںکی ایک میٹنگ منعقدہوئی ،جس میں بتایاگیاکہ جموں وکشمیرکے نجی ٹرانسپورٹ شعبے کیساتھ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ لوگ جڑے ہوئے ہیں لیکن حکومت نجی ٹرانسپورٹروںکومسلسل نظرانداز کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ تمام تر مشکلات کے باوجود ٹرانسپورٹر بڑی محنت ومشقت کرتے ہیں اور لوگوںکوراحت پہنچاتے ہیں،لیکن نجی ٹرانسپورٹروںکی آمدنی کاایک بڑا بے تحاشہ حصہ ٹیکسوں،فیس اور جرمانے میں چلاجاتاہے ۔نجی ٹرانسپورٹروںکی ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کواُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ سال میں ہر چھ ماہ میں بعد15سے25سال تک کی گاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کی فیس ایک ہی مرتبہ لی جائے ۔انہوںنے کہاکہ حکام نے ہائی کورٹ کی ہدایت پر شہر کے اہم مقامات سے بس اڈوںکو دوسری جگہوں پر منتقل کیا ہے،اور اس اقدام کی یہ دلیل دی گئی کہ شہر کے اندرونی یعنی سیول لائنز کے علاقوںمیں ٹریفک کے دباﺅ کو کم کیاجائے ،لیکن اب ٹی ارسی کی جانب سے چھوٹی بڑی مسافر بسیں اورگاڑیاں چلاکر نجی ٹرانسپورٹروں کی کمرتوڑی جارہی ہے ۔ آل جموں وکشمیرٹرانسپورٹرس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بتہ مالو،نیو سیکرٹریٹ روڑ اور لالچوک سے ٹی آرسی کی بس سروس کوبند کرنے کامطالبہ کیا،کیونکہ بقول ایسوسی ایشن اس اقدام سے نجی ٹرانسپورٹروں بشمول میٹا دار اوردیگر چھوٹی مسافر گاڑیوںکے مالکان کوزبردست نقصان ہورہاہے اوران گاڑیوں سے وابستہ ڈرائیوروں اور کنڈکٹروںکی روزی روٹی کوخطرہ لاحق ہوا ہے ۔ آل جموں وکشمیرٹرانسپورٹرس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے سری نگراور جموں شہروں میں ای رکشاسروس پرپابندی کامطالبہ کیا جبکہ ایسوسی ایشن نے ٹرانسپورٹروں سے سہ ماہی بنیاد پر مسافر ٹیکس لینے پر بھی زوردیا۔بیان میں 17اپریل کوچکہ جام یاپہیہ جام ہڑتال کی کال دیتے ہوئے آل جموں وکشمیرٹرانسپورٹرس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہاکہ اگر اس روز شب قدر ہوگی توشام 6بجے سے لوگوںکی راحت کیلئے ٹرانسپورٹ سروس چلائی جائے گی۔بیان کے آخر میں متعلقہ ایسوسی ایشن نے جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیرکے نجی ٹرانسپورٹروں کے مسائل اور مشکلات کوجلد سے جلد حل کرانے کے اقدامات کریں ۔