سری نگر:۹،مئی:سری نگرمیں رواں ماہ کے آخرمیں منعقد ہونے والے جی20سیاحتی ورکنگ گروپ اجلاس کیلئے درکار سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے منگل کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی گئی ،جسکی صدار ت مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے بھلا نے کی جبکہ میٹنگ میں سیول انتظامیہ ،پولیس ،فوج ،فورسزاور مختلف ایجنسیوںکے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔جے کے این ایس کو ملی تفصیلات کے مطابق مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلا منگل کی صبح ہنگامی دورے پر سری نگر پہنچے اوریہاں پہنچنے کے فوراًبعدانہوںنے ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ طلب کی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میٹنگ میں 22سے24مئی تک سری نگر کے SKICCواقع جھیل ڈل میں منعقدہونے والی جی20سیاحتی ورکنگ گروپ کی میٹنگ کیلئے تیاریوں کیساتھ ساتھ سیکورٹی انتظامات کابھی جائزہ لیاگیا جبکہ میٹنگ میں سالانہ امرناتھ یاترا، پونچھ اور راجوری میں حالیہ حملوں کے علاوہ دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر سیکورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کے مطابق مرکزی داخلہ سیکرٹری کے ہمراہ ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو بھی نئی دہلی سے سری نگر پہنچے اورانہوںنے بھی اہم میٹنگ میں شرکت کی ۔بتایا جاتاہے کہ مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلاکی زیرصدارت منعقد ہوئی میٹنگ میں ڈائریکٹر آئی بی،جموں وکشمیرکے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا،جموں وکشمیرکے داخلہ سیکرٹری آرکے گوئل ،ڈی جی پی دلباغ سنگھ ،اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار ،اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ،فوج کی15ویں اور16ویں کورکے جنرل آفیسر کمانڈنگ،کشمیر اور سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے علاوہ مختلف انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران شرکت کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاں تک ایجنڈے کا تعلق ہے،توسرکاری عہدیدار نے کہا کہ میٹنگ میں22 مئی سے 24 مئی تک سری نگر میں ہونے والےG20 پروگراموں اور امرناتھ یاترا کے لئے کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب جی20 ایونٹس سری نگر میں ہندوستان کی صدارت میں منعقد ہوں گے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے پہلے ہی کہا ہے کہ یہ تقریب جموں و کشمیر کی سیاحتی صلاحیت کو ظاہر کرنے اور جموں وکشمیر کی سیاحت کو عالمی سطح پر دھکیلنے کا ایک بہترین موقع تھا، جو کہ خطے کی کل معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ جی20 ایونٹس کےلئے سیکورٹی پلان کے علاوہ، میٹنگ میں امرناتھ یاترا کےلئے بھی سیکورٹی ودیگرانتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔ذرائع کے مطابق کشمیر میں سیکورٹی گرڈ نے پہلے ہی ایک سیکورٹی پلان تیار کر لیا ہے اور ذرائع کے مطابق منگل کی میٹنگ میں اس کی پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کی گئی۔ منصوبے کے مطابق جھیلوں اور ندیوں کو مارکوس کمانڈوز کے حوالے کر دیا جائے گا جبکہ NSG کو پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (SOG) کے ساتھ G20 ایونٹس کےلئے فول پروف سیکورٹی کےلئے تعینات کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ مرکزی داخلہ سیکرٹری کی زیرصدارت میٹنگ شاہراہوں پر حفاظتی انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی اور جی20 ایونٹس میں خلل ڈالنے کے لئے ملی ٹنٹوں کے کسی بھی ممکنہ حملے/حملوں کو ناکام بنانے کے لئے جوابی حکمت عملی کو بھی حتمی شکل بھی دی گئی ۔