سری نگر:۰۲، مئی: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو کہا کہ 22مئی کو سری نگر میں شروع ہونے والا G-20 ایونٹ کشمیر کی قدیم مہمان نوازی کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر نمائش کےلئے پیش کرے گا اور اس تقریب سے جموں وکشمیرکی معیشت اور سیاحت کو بڑا فروغ ملے گا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے ہفتہ کویہاں راجباغ میں دریائے جہلم پر ریور فرنٹ کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر چیف سیکرٹری ڈاکٹرارون کمار مہتا،کشمیرکے ڈویژنل کمشنر وجے کمار بیدھوری،کمشنرسری نگر میونسپل کارپوریشن اطہرعامرخان،ڈپٹی کمشنر سری نگرمحمداعجاز،میئر سری نگر جنیدعظیم متواور جہلم ریور فرنٹ پروجیکٹ سے جڑے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔جہلم ریور فرنٹ پروجیکٹ کاافتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ6 کلومیٹر طویل جہلم ریور فرنٹ مکمل ہو چکا ہے اور اس پرمزید کام بھی جاری ہے۔ انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ سری نگر کو بین الاقوامی سطح پر ترقی دی جا رہی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اعلان کیاکہ مفت وائی فائی زونز، سائیکل ٹریکس، واک ویز اور کیفے جلد ہی سامنے آئیں گے ،اور جلد ہی سری نگر شہر میں ایک لائبریری بھی کھولی جائے گی۔منوج سنہا نے مزید کہا کہ سرینگر شہر جو آبی ذخائر سے گھرا ہوا ہے،جلدہی ہراعتبار سے ایک ’سمارٹ سٹی‘ہوگا۔ سری نگرمیں22سے24مئی تک ہونے والی جی20ٹورازم ورکنگ گروپ کی میٹنگ کے بارے میں، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ لوگوں اور جموں و کشمیر انتظامیہ نے 22 مئی کو شروع ہونے والے آئندہ ایونٹ کےلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔انہوںنے کہاکہ بین الااقوامی سطح کی یہ تقریب کشمیر کی قدیم مہمان نوازی کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر نمائش کے لئے پیش کرنے میں مدد کرے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ساتھ ہی کہاکہ جی20 تقریب کشمیر کی خوبصورتی اور مہمان نوازی کے بارے میں دنیا بھر میں پیغام دے گی جس کے نتیجے میں سیاحوں کی زیادہ آمد ہوگی۔ منوج سنہا کاکہناتھاکہ ہمیں امید ہے کہ کامیابG-20 ایونٹ جموں وکشمیرکی معیشت اوریہاںکی سیاحتی صنعت کو بڑا فروغ دینے میں مدد کرے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شاندار تقریب کےلئے جموں و کشمیر کا انتخاب کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دنیا کے19بااثر ممالک اوریورپی یونین کے اس پلیٹ فارم یعنی جی20کااہم اجلاس پہلی بار کشمیر میں بھارت کی صدارت میں منعقد ہو رہا ہے۔