سری نگر:۲۲،مئی :حج کمیٹی آف انڈیانے اتوار کی شام امسال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانے والے ہندوستانی عازمین کی روانگی اور واپسی کاعارضی پروازشیڈول برائے حج1444ہجری،بمطابق2023 جاری کردیا۔جسکے تحت جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے تقریباً11ہزار عازمین حج کی سری نگرسے جدہ شریف روانگی کاسلسلہ 7جون 2023سے ہوگا،اوران حجاج کرام کی مدینہ منورہ سے گھرواپسی کاسلسلہ 13جولائی 2023سے شروع ہوگا ،اوریوں جموں وکشمیر کے عازمین حج سعودی عرب میں کم سے کم ایک ماہ اور6دنوں تک قیام کریں گے۔جے کے این ایس کے مطابق 21مئی2023بروز اتوار کو حج کمیٹی آف انڈیاکی جانب سے ہندوستانی عازمین حج کی سعودی عرب روانگی اوروہاں سے واپسی کے حوالے سے ایک تفصیلی شیڈول جاری کیاگیا۔ہندوستانی عازمین روانگی کاسلسلہ 21مئی سے شروع ہوگیا،کیونکہ جے پور،کولکتہ ،رانچی(ایکس،کولکتہ) اورلکھنو سے عازمین سعودی عرب روانہ ہوئے جبکہ22مئی بروزپیر کونئی دہلی سے بھی عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوئے ۔21اور22مئی کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہونے والے ان حجاج کی گھرواپسی کا سلسلہ 3جولائی سے24جولائی تک ہوگا۔اس دوران حج کمیٹی آف انڈیاکی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے تقریباً11ہزار عازمین حج کی سری نگرسے جدہ شریف روانگی کاسلسلہ 7جون 2023سے ہوگا،اوران حجاج کرام کی مدینہ منورہ سے گھرواپسی کاسلسلہ 13جولائی 2023سے شروع ہوگا۔جموں وکشمیر کے عازمین حج کی جدہ شریف روانگی کاسلسلہ 7جون سے شروع ہوکر 22جون 2023تک جاری رہے گا ،اورفریضہ حج اداکرنے کے بعد جموں وکشمیرکے حجاج کرام کی مدینہ منورہ سے گھروںکو واپسی کا سلسلہ 13جولائی سے2اگست2023تک جاری رہے گا۔قابل ذکر ہے کہ امسال جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے تقریباً11ہزار عازمین ،امسال حج2023میں شرکت کریں گے ،جن سے فی عازم تقریباً4لاکھ روپے تین قسطوں میں بطور سفری کرایہ نیز انتظام قیام وصول کے گئے جبکہ جموں وکشمیر کے عازمین کو مناسک حج کے دوران سعودی عرب میں قیام کے دنوںمیں کھانے پینے کاانتظام خود کرنا ہوگا۔