سری نگر:۲۲،مئی :مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے پیر کوکہاکہ اب کشمیرمیں ہڑتال کال دینے والا کوئی نہیں ہے ۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ اگست2019کے بعد صورتحال یکایک تبدیل ہوگئی ،کیونکہ خطے نے مودی حکومت کے دورمیں تعمیر وترقی کامشاہدہ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں پیرکو شروع ہوئی تین روزہ جی20میٹنگ کے موقعہ پر جتندرسنگھ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اب کشمیرمیں ہڑتال کی کال دینے والا کوئی نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک وقت تھاجب پاکستان سے ہڑتال کال جاری کی جاتی تھی ،اور سری نگر میں لوگ ہڑتال کرتے تھے ۔لیکن بقول مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ کے اب یہاںکے لوگوںکی ذہنیت اور ترجیحات بدل گئی ہے اوراب لوگ پاکستان یاسری نگر میں دی جانے والی ہڑتال کالوں پر لوگ کوئی توجہ نہیں دیتے ہیں ۔مرکزی وزیر کاکہناتھاکہ جی20مندوبین اس پیغام کیساتھ واپس جائیں گے کہ جموں وکشمیر کے حوالے سے مفادخصوصی رکھنے والوںکی جانب سے جو جھوٹا بیانیہ بنایا جارہاتھا،اب وہ موجودنہیں ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ جموں وکشمیرکے لوگ بالخصوص یہاںکے نوجوان خود کوکامیابیوں سے دور نہیں رکھنا چاہتے ہیں ۔مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ وزیراعظم مودی کی قیادت میںبھارت نے پچھلے 9برسوںمیں ترقی دیکھی ہے ۔