سری نگر:۷، جون:جے کے این ایس : الحمدللہ ،الحمد للہ ،،،،دین اسلام کے اہم ترین فریضہ حج بیت اللہ کی ادائیگی کیلئے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے عازمین کرام کی جدہ شریف روانگی کاسلسلہ بدھ کو شروع ہوگیا،اور پہلے روز مجموعی طور پر630عازمین بشمول مسلم خواتین 2خصوصی پروازوں میں سہ پہر کے وقت سری نگر بین الااقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوئے،جہاں جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اعلیٰ سیول وپولیس حکام کے ہمراہ عازمین کے پہلے قافلے کوجھنڈی دکھاکرسفر محمودپرروانہ کیا ۔اسے پہلے جموں وکشمیراورلداخ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین گھروں سے روانہ ہونے کے بعدبالترتیب صبح9بجے اور11بجے حج ہاﺅس بمنہ سری نگر پہنچے ۔پورے راستے میں عازمین اوراُن کے رشتہ دارنعرہ تکبیر اللہ اکبر ،نعرہ تکبیر اللہ اکبر کابلندآوازوں میں ورد کرتے ہوئے رب کائنات کی بڑھائی بیان کرتے رہے جبکہ گاڑیوںمیں سوار مردوزن عازمین حج کے حوالے سے خصوصی دعا’لبیک الھم لبیک ،لبیک لاشریک لک لبیک،انالحمد،والنعمتہ ،لک والملک،لاشریک لک‘پڑھتے رہے ۔دونوں پروازوںمیں سفر محمود پرروانہ ہونے والے عازمین جب حج ہاﺅس بمنہ پہنچے تویہاں اُن کی سری نگرہوائی اڈے کیلئے روانگی تک یہاں کی فضاءنعرہ تکبیر اللہ اکبر اور درودحضور ﷺ کی گونج سے معطر ہوتی رہی ۔جے کے این ایس کے مطابق حج 2023کے سلسلے میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے12ہزار سے زیادہ عازمین کی سری نگرائرپورٹ سے جدہ شریف روانگی کا سلسلہ بدھ کے روز شروع ہوگیا ۔سہ پہر 3بجے سری نگر بین الااقوامی ہوائی اڈے سے جدہ شریف کیلئے روانہ ہونے والی پہلی فلائٹ یا پرواز نمبرSG-5707میں سوار ہونے والے 314عازمین صبح 9بجے حج ہاﺅس بمنہ سری نگر پہنچے ۔جہاں اُن کے سامان کی چیکنگ عمل میں لائی گئی ،اور دیگر سبھی لوازمات کو بھی پورا کیاگیا۔اس موقعہ پر حج کمیٹی جموں وکشمیر کے سبھی ذمہ دار بشمول چیئرپرسن ،ایگزیکٹو آفیسر اور ممبران کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح کے اعلیٰ سیول اورپولیس حکام بھی یہاں موجود تھے ۔حج ہاﺅس بمنہ میں لوازمات کو پورا کرنے کے بعد 314عازمین پر مشتمل پہلے قافلے کو خصوصی گاڑیوں میں سری نگر ہوائی اڈے کی جانب روانہ کیاگیا ۔اس موقعہ پریہاں رقعت آمیزمناظر دیکھے گئے ،کیونکہ جب عازمین اپنے رشتہ داروں اور عزیزوں سے رُخصت ہورہے تھے تو سبھی کی آنکھیں نم تھیں ،اوراس دوران بھی یہاں نعرہ تکبیر اللہ اکبر کی گونج سنائی دی ۔حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایاکہ پہلے قافلے میں سہ پہر3بجے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے314عازمین سری نگربین الااقوامی ہوائی اڈے سے خصوصی حج پرواز نمبر SG-5707میں سوار ہونے کے بعد جدہ شریف کی جانب روانہ ہوئے اور روانگی کے موقعہ پریہاں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بیدھوری ،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز،حج کمیٹی کی چیئرپرسن سفینہ بیگ اور اعلیٰ سیول وپولیس حکام بھی موجود تھے ،جنہوںنے عازمین کے پہلے قافلے کو ہری جھنڈی دکھاکر یہاں سے اس گزارش کیساتھ رخصت کیا کہ عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران جموں وکشمیر میں پائیدارامن ،سلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیں کریں ۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جموں وکشمیر کے عازمین حج کے پہلے قافلے کو سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ منوج سنہا نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر لکھا”میں نے اُن عازمین کو مبارکباد دی اور نیک تمناو ¿ں کا اظہار کیا، جو حج کی ادائیگی کے لئے مقدس سفر پر نکل رہے ہیں۔لیفٹنٹ گورنر نے آگے لکھاکہ میں عازمین کے کامیاب سفرا اور جموں و کشمیر کے لئے امن و خوشحالی کی دعا کرتا ہوں۔اس دوران بدھ کی سہ پہر دوسری خصوصی حج پرواز میں روانہ ہونے والے309عازمین صبح 11بجے حج ہاﺅس بمنہ قافلوں کی صورت میں پہنچے اوراُنکے یہاں پہنچنے پر پھرایک مرتبہ پورا علاقے کی فضاءنعرہ تکبیر اللہ اکبر اور درودحضور ﷺ کی گونج سے معطرہوئی ۔مختلف علاقوں سے عازمین کے یہاں پہنچنے کے بعد حج کمیٹی کے ارکان وممبران نے عازمین کے حوالے سے لوازمات کو پورا کرنے کاکام شروع کیا ،جس دوران اُن کے سامان کی چیکنگ عمل میں لائی گئی ،اور دیگر سبھی لوازمات کو بھی پورا کیاگیا۔سہ پہر5بجے سری نگربین الااقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی دوسری خصوصی حج پرواز یافلائٹ نمبر5708میں سوار ہونے والے309عازمین کو گاڑیوںکے ایک قافلے میں حج ہاﺅ س بمنہ سے روانہ کیاگیا ،اوراس موقعہ پر یہاں نعرہ تکبیر اللہ اکبر کی روح پرور گونج سنائی دی جبکہ عازمین اور اُن کے عزیز ورشتہ داروں کی آنکھیں نم تھیں ،لیکن یہ خوشی اور برکت کے آنسوتھے ،کیونکہ خوش قسمت مردوزن کو اپنی حیاتی یا زندگی میں فریضہ حج کی ادائیگی کا موقعہ مل رہاتھا۔اس موقعہ پر یہاں حج کمیٹی اورسیول وپولیس انتظامیہ کے اعلیٰ ذمہ دار موجود تھے ۔خصوصی گاڑیوںکے ایک قافلے میں جب عازمین حج ہاﺅس بمنہ سے سری نگرائر پورٹ پہنچے تویہاں اُن کا استقبال اعلیٰ حکام اور حج کمیٹی کے ذمہ داروںنے کیا۔سہ پہر 5بجے خصوصی حج پروازنمبرSG-5708میں روانہ ہونے والے 309عازمین کو سری نگر بین الااقوامی ہوائی اڈے سے سیول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے رخصت کیا،اوراس دوران اعلیٰ حکام عازمین کی دعائیں لیتے رہے اوراُن سے استدعا کرتے رہے کہ وہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران مکہ مکرمہ ،عرفات اوردیگر مقدس مقامات پر جموں وکشمیر میں پائیدارامن ،سلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیں کریں۔حج کمیٹی آف جموں وکشمیر کی آفیشل ویب سائٹ پر دی گئی تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سری نگرہوائی اڈے سے جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کل623عازمین 2خصوصی پروازوںمیں جدہ شریف تشریف لے گئے