سری نگر18 جون: کے این ایس : جموں و کشمیر اور لداخ کے خطہ میں 24گھنٹوں کے اندر ہلکی شدت کے پانچ زلزلے آئے، جس کی شدت 4.5سب سے زیادہ تھی۔ ہفتہ کی دوپہر 2.03بجے جموں و کشمیر میں 3.0کی شدت کے زلزلے کے بعد پہلا جھٹکا محسوس کیا گیا۔متعلقہ محکمہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دوپہر 2.03 بجے آنے والے 3.0شدت کے زلزلے کا مرکز جموں سری نگر قومی شاہراہ کے ساتھ واقع پہاڑی ضلع رامبن تھا۔انہوں نے کہا کہ زلزلے کی گہرائی سطح سے پانچ کلومیٹر نیچے 33.31 ڈگری شمال اور طول البلد 75.19 ڈگری مشرق میں تھی۔دوسرا جھٹکا لیہہ، لداخ سے 271 کلومیٹر شمال مشرق میں تقریباً 9 بج کر 44منٹ پر 4.5 کی شدت کے ساتھ آیا۔ہندوستان-چین سرحد کے قریب زلزلے کے 15 منٹ کے اندر، جموں و کشمیر کے ڈوڈا ضلع میں رات 9.55 بجے 4.4 شدت کا زلزلہ آیاڈوڈہ ضلع میں گزشتہ پانچ دنوں میں یہ ساتواں زلزلہ تھا۔اتوار کی صبح، 4.1شدت کے زلزلے نے ایک بار پھر اس خطے کو جھٹکا دیا جس کا مرکز لداخ کے لیہہ ضلع سے 295 کلومیٹر شمال مشرق میں، بھارت-چین سرحد کے قریب تھا۔پانچویں اور آخری زلزلہ کی سرگرمی جموں و کشمیر میں کٹرا کے قریب دیکھی گئی۔ کٹرا سے 80 کلومیٹر مشرق میں صبح 3.50 بجے 4.1 کی شدت کا زلزلہ 11 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔