سرینگر// جموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ کی گولڈن جوبلی تقریب 51) واں یومِ تاسیس) 20 اگست 2023ء بروزِ اتوار سینٹرل آفس سرینگر کے آڈیٹوریم میں اِنتہائی وقار اور سادگی سے منایا گیا۔مذکورہ دِن کو ٹرسٹ کے بانی سرپرست مرحوم ٹاک صاحب زینہ گیری کے تئیں خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے34 ویں یوم وصال کے حوالے سے بھی منایا گیا۔اِس عظیم و شان موقع پر جموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ سے وابستہ وادی کے طول و ارض اور جموں صوبہ سے آئے ہوئے لا تعداد کارکنان، رضاکاران، ٹرسٹ سے منسلک زعماءحضرات، ٹرسٹ کے زیرِ اِنتظام مُتعدد یتیم خانوں میں زیرِ تربیت و تعلیم یتیم بچوں اور بچیوں ، مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی مقتدر شخصیات اور صحافت سے منسلک اشحاص نے شرکت فرمائی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وادی کے معروف قانون دان اور سماجی کارکن ریٹائرڈ جسٹس ،جسٹس بشیر احمد کرمانی صاحب تھے۔ اسکے علاوہ وادی کے مشہور و معروف ماہر تعلیم جناب پروفیسر ڈاکٹرمحمد رمضان آزردہ صاحب، اسکمز صورہ اور وادی ہی کے ایک معروف اور جانے مانے علمی ایوارڈ یافتہ معالج ڈاکٹر پرویز احمد کول صاحب ،معروف سماجی تنظیم ہیومن ویلفیر ٹرسٹ کے چیف فنکشنری جناب فیروز صاحب اور دوسری اہم شخصیات نے بھی تقریب کو رونق بخشی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک اور اِسکے ترجُمے سے ہوا۔جسکا متبرک فریضہ ٹرسٹ سے وابستہ ایک بچے محمد اشرف نے سر انجام دیا۔ تلاوتِ کلامِ پاک کے فوراµ بعدایک اور بچے نے دُرِ یتیم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک نعتِ شریف سے محفل کو رونق بخشی۔جموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ کے نائب سرپرست جناب سید عبد الرﺅف صاحب نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام مہمانان ، ناظمان یونٹ ہا، رضاکاران،خیر خواہان اور ٹرسٹ کے کارکنان کا ان کی تقریب پر آمد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اسکے علاوہ لوکل انتظامیہ، پولیس، ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد، اور دیگر اداروں وغیرہ کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون کی بدولت یہ تقریب انجام پائی گئی۔