سری نگر:۵، ستمبر: : جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو سری نگر میں یوم اساتذہ کی تقریب میں شرکت کی۔انہوںنے کہاکہ ملک کے سابق صدر اور عظیم ماہر تعلیم ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کو خراج عقیدت پیش کیا اور کشمیر بھر سے ایوارڈ یافتہ اساتذہ کو مبارکباد دی۔جے کے این ایس کے مطابق پنے خطاب میں، لیفٹیننٹ گورنر نے تدریسی برادری کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی اوراساتذہ کی بے پناہ شراکت اور وقف خدمات کو یاد کیا جو نوجوان ذہنوں کو روشن کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ استاد اس دنیا کا سب سے بڑا انقلابی اور بہادر انسان ہے۔ وہ رکاوٹوں، پرانے طریقوں کو توڑتا ہے اور بچوں کو ایک نئی شکل دیتا ہے، ایک نئی سمت دیتا ہے، ایک نیا عزم کرتا ہے اور بچوں کے ذہنوں میں نئی سوچ کو جگاتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ان مختلف کرداروں پر روشنی ڈالی جو ایک استاد اپنی پوری زندگی میں بیک وقت ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک استاد کا کردار کلاس روم کے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو بھی لانا ہے۔ اسے اتنا حوصلہ ہونا چاہیے کہ وہ دقیانوسی تصورات کو توڑ دے اور نوجوان ذہنوں کو ان کے اپنے تخلیقی، اختراعی خیالات اور تنقیدی سوچ کو پروان چڑھانے دے۔ چھپی ہوئی صلاحیتوں کی قدر جاننے کی صلاحیت صرف استاد میں ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ ایک استاد ایک ایکسپلورر ہے جو چھپے ہوئے ہیروں، جواہرات اور موتیوں کو طالب علموں کی شکل میں دریافت کرتا ہے۔ ایک ماہرِ جیمولوجسٹ کے طور پر، ایک استاد متنوع ہنر کے حامل ہیروں کی جانچ اور شکل دیتا ہے۔ وہ ایک جیولر ہے اور قیمتی جواہرات کو بہترین شکل اور چمک دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف استاد ہی میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کی قدر جاننے کی صلاحیت ہوتی ہے۔تقریب میں، لیفٹیننٹ گورنر نے تدریسی برادری پر زور دیا کہ وہ طلباءکی انفرادیت اور شخصیت کو فروغ دیں اور تدریسی سیکھنے کے عمل کو مزید متعامل بنائیں۔منوج سنہا کاکہناتھاکہ تعلیم کا مقصد مسابقتی ذہن پیدا کرنا ہی نہیں بلکہ تخلیقی اور متجسس ذہن بنانا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہمیں مسابقت اور تخلیقی صلاحیتوں کے درمیان ٹھیک توازن کی ضرورت ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ امتحان کی بنیاد مقابلے پر نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کی بنیاد اصلیت، تجربہ، تخلیقی اور سائنسی سرگرمی پر ہونی چاہیے۔منوج سنہا نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ آج ہمیں اپنے بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں، تجسس، ٹیم ورک، قائدانہ خصوصیات اور ہم آہنگی، بھائی چارے اور ہمدردی کی تہذیبی اقدار کو پیدا کرنے کےلئے اساتذہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں زندگی بھر سیکھنے کے لئے موثر نقطہ نظر پیدا کرنے کیلئے نئے طریقے تیار کرنے کی ضرورت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اسکولوں کی اپ گریڈیشن بشمول افرادی قوت اور بنیادی ڈھانچے کو جامع انداز میں کرنے کے لئے یوٹی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ 7000 ایسے ا سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے جن میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سال 6000 اور اگلے سال1000 ا سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔اس تقریب میںمعروف ماہر تعلیم، پدم شری پروفیسر جے ایس راجپوت، چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا،پرنسپل سکریٹری اسکول اینڈ ہائر ایجوکیشن الوک کمار، سینئر افسران، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔