سید اعجاز
ترال//ادبی تنظیم ”مراز ادبی سنگم “اور الکیمی پبلک اسکول ترال کے باہمی اشتراک سےسنیچر کے روز عید میلاد النبی صلعم کی شان میں ایک نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد ہواجس میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شعراءنے شرکت کر کے اپنے نعتیہ کلام پیش کئے ہیں۔مزکورہ تقریب میںالکیمی سکول کے پرنسپل بلال احمد شاہ نے مہمانوں کا استقبال کیا اور یہ یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ ایسی تقاریب کا اہتمام کرتے رہیں گے۔ نعتیہ مشاعرہ کا آغاز حافظ طارق نے تلاوت کلام سے کیا۔ حافظ اقبال نے نعت سرور کائنات پیش کیا۔ مشاعرہ کی صدارت علی شیدا نے کی جبکہ ایوان صدارت میں پرنسپل الکیمی پبلک اسکول ترال بلال احمد شاہ اور ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے جنرل سیکریٹری غلام محمد دلشاد بھی شامل تھے۔تقریب میں الکیمسٹ کا کشمیری ترجمہ کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ کتاب کی رونمائی کی رسم علی شیدا نے انجام دی۔ الکیمسٹ ناول کا ترجمہ پروفیسر لون امتیاز اور پروفیسر نثار ندیم نے کیا ہے۔ الکیمسٹ ناول پر میر روشن خیال نے مختصر روشنی ڈالی۔ یوسف جہانگیر نے الکیمسٹ ناول پر مدلل اور مفصل مضمون پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی چھوٹی یا بڑی زبان تب تک اپنا اعلی مقام حاصل نہیں کرسکتی ہے جب تک کہ اس زبان میں اعلی اور معیاری ادب تخلیق نہ ہو۔ دنیا کی ایک چھوٹی سی زبان میں تخلیق ہوئی کتاب الکیمسٹ نے اپنے اعلی معیار کے سبب عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معیاری ادب تخلیق کرنا چاہئے اور اگر کسی ادیب میں ترجمہ کرنے کی صلاحیت ہے تو انہیں غیر معیاری ادب تخلیق کرنے کے بجائے ترجمہ کی طرف توجہ دینی چاہئے۔علی شیدا نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ نعت شاعری کی نازک ترین صنف ہے جس کا ماخذ قرآن مجید ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعتیہ صنف میں دنیا بھر کے شاعر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اور عالمی سطح پر اعلی درجہ کی نعتیہ شاعری تخلیق ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا نعتیہ صنف میں شاعر نئے موضوعات کی دریافت کرنے کی سعی کرنے میں محو ہیں۔ انہوں نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا اور آخر میں ادارہ کو اس تقریب کو منعقد کرنے میں تعاون فراہم کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔مشاعرہ میں جنوبی کشمیر کے ممتاز شعراءنے شرکت کی جن میں غلام احمد شوقین، عتیقہ صدیقی، قمر حمیداللہ، ریاض انزنو، ناصر منور، منظور خالد، میسر ناشاد، یوسف جہانگیر، پرفیسر نثار ندیم، پروفیسر لون امتیاز، بشیر زائر، راجا مظفر، ڈاکٹر شیدا حسین شیدا اور جہانگیر ایاز حالی کے علاوہ متعدد شعرائ نے شرکت کی۔ مراز ادبی سنگم کی طرف سے میلاد النبی صلعم کی مناسبت سے ابتدائی نعتیہ اجلاس کا انعقاد سینٹ زینز انٹرنیشنل اسکول میں ہوا اور اسی مناسبت سے دوسری تقریب کا انعقاد آج الکیمی پبلک اسکول ترال میں ہوا۔ الکیمی پبلک اسکول کا شمار پلوامہ کے مشہور تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ ادارہ نے ابتدا سے ہی کشمیری زبان اور کلچر کی تعمیر و ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اسکول نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے ساتھ ساتھ بچوں میں ادبی ذوق و شوق پیدا کرنے میں بھی سعی کر رہا ہے۔اجلاس میں ڈاکٹر شیدا حسین شیدا نے مشاعرہ میں نظامت کے فرائض بھی انجام دئے۔







