سرینگر/19نومبر/شافیہ گلفام
جموں و کشمیر کے مشہور ومعروف اداکار ہدایت کار اور ماہر تھیٹر مشتاق کاک کا کل جموں میں انتقال ہوا۔مشتاق کاک کے انتقال پر جموں و کشمر کی کئی ثقافتی اور تمدنی انجمنوں کے ساتھ ساتھ کئی ادبی حلقوں اور تمام فنکار برادری نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو ڈرامائی دنیا خصوصاََ تھیٹر کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والی فنکار برادری نے ٹائگورہال سرینگر میں ایک ہنگامی تعزیتی مجلس منعقد کی جس میں مشتاق علی احمد خان، گلزار احمد گنائی، شفیق قریشی،گلزار احمد بٹ، مشتاق بالا،میر سرور،حسن جاوید،الطاف حسین نوشہری، منظور اشبری،شاہد لطیف،رئیس واتھوری، شاہنواز،طاہر نجار، حسین خان اور تنویر بٹ شریک ہوئے۔ تعزیتی مجلس میں فنکار برادری نے مرحوم مشتاق کاک کے اچانک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئےمرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔مشتاق کاک سال 1961 میں پیدا ہوئے اور اپنی ساری زندگی اداکاری اور ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ تھیٹر کے لئے وقف کردی۔ آج تک انہیں سنگیت ناٹک کے علاوہ کئی سارے ایوارڈوں سے نوازا گیا۔مرحوم شری رام آرٹ سینٹر نئی دہلی سے بطور آرٹسٹک ڈائریکٹر منسلک تھے ان کی ہدایت میں 100سے ذیادہ ڈرامے تیار کئے گئے۔ حال ہی میں ریلیز ہوئی بالی ووڈ فیچر فلم "غدر 2 "میں انہوں نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔