سری نگر/21فروری2024ئ
ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے لوگوں کی شکایات کو ان کی دہلیز پر سننے اور ان کے ترقیاتی مسائل کے موقعہ پر حل کو یقینی بنانے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے آج عوامی رَسائی پروگرام کے تحت ضلع کی تحصیل خانیار میں شہری خاص کے علاقے کولی پورہ میں عوامی شکایات اَزالے کیمپ کا اِنعقاد کیا۔
پروگرام میں ضلع سری نگر تحصیل خانیار کے کولی پورہ، نوپورہ، علمدار کالونی، اِمام باراں، نوہٹہ، رنگر سٹاپ، رعناواری، سعدہ کدل، خواجہ یار بل ، براری نمبل ، بابا ڈیمب، خواجہ بازار، آستان پورہ برین، ابی کارپورہ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔
شکایات اَزالے کیمپ کے دوران عوامی وفود، مقامی مسجد اِنتظامیہ کمیٹیوں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر کے سامنے مختلف ترقیاتی مسائل پیش کئے جن میں پینے کے پانی کی فراہمی میں اضافہ، نکاسی آب اور سیوریج کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنا، گلیوں اور نالوں کی مرمت، سڑکوں کو چوڑا اور میکڈیمائزیشن، براری نمبل کی ترقی، پانی کے فوارے اور سٹریٹ لائٹس کو فعال بنانا، پاور بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن، ڈل جھیل کے اندرونی حصوں میں صفائی کے اقدامات اور دیگر امور شامل ہیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کی شکایات اور مطالبات کو سننے کے بعد شکایات ازالہ کیمپ کے دوران موجود متعلقہ ضلعی افسران سے موقعہ پر ہی جواب طلب کیا۔







