بانڈی پورہ/29اگست2024ئ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسربانڈی پورہ منظور احمد قادری نے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں منعقدہ ایک میٹنگ میں اِنتخابی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوںنے ریٹرننگ اَفسروں ( آر اوز) اور نوڈل اَفسران کی طرف سے ضلع میں آئندہ اسمبلی اِنتخابات کی تیاریوں کا بغور جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ آر او 15 ۔بانڈی پورہ نے اسمبلی حلقہ 15 ۔بانڈی پورہ کے اندر تیاریوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی جبکہ آر او 14 ۔سوناواری وایس ڈی ایم سنبل اور آر او 16 ۔گریز نے اپنے اپنے حلقوں میں اُٹھائے گئے اَقدامات کا خاکہ پیش کیا۔میٹنگ میں انکشاف کیا گیا کہ ضلع بھر میں اِنتخابات کے پرامن اِنعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں جن میں ضلع بھر میں خصوصی اور منفرد پولنگ سٹیشنوں کا قیام بھی شامل ہے۔بات چیت میں لاجسٹکس کا بھی احاطہ کیا گیا جس میں پولنگ پارٹیوں کے لئے روٹ پلان اور دیگر ضروری انتظامات شامل ہیں۔مزید برآں، ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے اِنتخابی تربیتی پروگراموں، ہوم ووٹنگ کے اَقدام اور بوتھ لیول بیداری گروپوں کی سرگرمیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے تمام متعلقہ افسران کی مکمل تربیت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ عملہ کا ہر رکن اپنے انتخابات سے متعلق فرائض سے بخوبی واقف ہو۔