سری نگر/19جولائی2025ئمحکمہ سکولی تعلیم جموں وکشمیر نے 18 جولائی 2025ءکو ایک مقامی انگریزی روزنامے میں شائع ہوئی خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس کی سرخی تھی”لازمی مضمون: مرکزی وزارتِ تعلیم کشمیر کے سکولوں میں چھٹی سے دسویں جماعت تک سنسکرت متعارف کرنے پر غور کر رہی ہے۔“محکمہ نے یہاں جاری ایک سرکاری بیان میں اُن گمراہ کن خبروں کا سخت نوٹس لیا ہے جو بعض ذرائع ابلاغ میں گردش کر رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ کشمیر میں چھٹی سے دسویں جماعت تک سنسکرت کو لازمی اور تیسری سے پانچویں جماعت تک اِختیاری مضمون کے طور پر متعارف کیا جا رہا ہے۔محکمہ نے تردید میں کہا،”جموں و کشمیر کے محکمہ سکولی تعلیم کومرکزی وزارتِ تعلیم کی طرف سے سکولی نصاب میں سنسکرت کو لازمی یا اِختیاری مضمون کے طور پر شامل کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایت یا مراسلہ موصول نہیں ہوا ہے۔“







