ایس کے آئی سی سی میں ” سب کیلئے فلاح “ کے موضوع پر ایک روزہ تقریب سے خطاب کیاسری نگر/ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کی تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے پختہ عزم کو ایک فلاحی کام کے بجائے اَپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے۔اُنہوں نے شیرِ کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں محکمہ سماجی بہبود جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام منعقدہ ” کمیونٹیوں کا بااِختیار بنانا ۔سب کے لئے فلاح “کے عنوان سے ایک روزہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی اقدامات کو ایسے انداز میں ڈیزائن کیا جانا چاہیے کہ وہ صرف چند مخصوص طبقوں تک محدود نہ رہیں بلکہ سب سے پسماندہ طبقوں تک بھی پہنچیں۔وزیراعلیٰ نے جامع ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا مقصد کمیونٹیوں کو بااِختیار بنانا اور مساوی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔اُنہوں نے کہا،”ایسے اَفراد کو سکیمیں فراہم کرنا جن کے پاس پہلے ہی وسائل، تعلیم اور اچھی صحت موجود ہو، نسبتاً آسان ہوتا ہے۔ اصل امتحان تو تب ہے جب ہم اُن لوگوں تک پہنچیں جو غریب، کمزور اور دُور دراز دیہی علاقوں میں رہتے ہیں۔“وزیر اعلیٰ نے مزید کہا،”سماجی بہبود کی سکیمیں کوئی احسان یا سخاوت نہیں بلکہ اُن شہریوں کا حق ہیں جو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ جو حکومت ان کی نظراندازی کرے یا صرف خوشحال طبقوں پر توجہ دے، وہ اَپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوتی ہے۔“







