سرینگر//کے این ایس23ستمبر ضلع ترقیاتی کمشنر، سرینگر اکشے لابرو کا کہنا ہے کہ سرینگر کے تاریخی مقامات کی شان رفت کو بحال کرنے اور مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش کے لئے 9 بڑے پروجیکٹس پر اس وقت کام جاری ہے، جن میں عیدگاہ میں واقع تاریخی عالی مسجد، نوہٹہ میں واقع خانقاہ نقشبند صاحب (رح) اور ویڑار ناگ مندر میں جاری تجدید و آرائش کا کام ان پروجیکٹس کا اہم حصہ ہیں۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس کے علاوہ ایسے مزید 28مذہبی اور تاریخی مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جن پر آنے والے وقت میں کام شروع کیا جا رہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایک نیوز ُورٹل ای ٹی وی کے ساتھ ایک خاص بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع سرینگر میں ایسے کئی مذہبی اور تاریخی اہمیت کے حامل مقامات ہیں جنہیں ایک خاص منصوبے کے دائرے میں لاکر نہ صرف ان کی شان و شوکت بحال کی جا رہی ہے بلکہ انہیں اپنی پرانی ہیئت کے عین مطابق ہی تحفظ فراہم کرنے کے لیے ترقیاتی کام در دست لئے گئے ہیں جن میں مساجد، خانقاہیں، مندر اور امام بارگاہوں کے علاوہ تاریخی عمارتیں اور باغات بھی شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر، سرینگر نے مزید کہا کہ اس وقت 9 پروجیکٹس پر کام شد و مد سے جاری ہے جن میں عالی مسجد، حضرت خواجہ بہاو الدین نقشبند صاحب (رح) کی زیارتگاہ اور ویڑارناگ کا قدیم مندر بھی شامل ہیں۔ جہاں اس وقت تزئین و آرائش کا کام عمل میں لایا جا رہا ہے اور امید ہے کہ ان پروجیکٹس کو وقت مقررہ پر اگلے مالی سال میں مکمل کر لیاجائے گا۔






