سری نگر/ چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموںوکشمیر میں پردھان منتری آواس یوجنا ۔اَربن (پی ایم اے وائی ۔یو)کے تحت شہری غریبوں کی خاطر ہاﺅسنگ سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے مکانات و شہری ترقی محکمہ (ایچ اینڈ یو ڈِی ڈِی) کی ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ بجلی ترقی،کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ، جموں اور سری نگر میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنران، منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر ہاو¿سنگ بورڈ، ڈائریکٹر جنرل، کوڈز،جموں وکشمیر کے چیف ٹاو¿ن پلانرز، جموں و کشمیر بینک کے نمائندوں اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم لاگت مکانات تک رسائی ہرکنبے بالخصوص شہری غریبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بنیادی خواہشات اور لازمی ضروریات میں سے ایک ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ کمزور معاشی طبقات سے تعلق رکھنے والے گھرانوں کی آمدنی کا ایک بڑا حصہ اکثر رہائش سے متعلق اخراجات میں خرچ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے دیگر بنیادی ضروریات کے لئے وسائل محدود رہ جاتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پی ایم اے وائی۔اربن ایک انقلابی سماجی فلاحی اقدام ہے جو استفادہ کنندگان کو محفوظ اور باوقار رہائش فراہم کرکے ان کے مالی بوجھ میں نمایاں کمی لاتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سے ایسے کنبے اَپنی محنت کی کمائی کو تعلیم، صحت، غذائیت اور معیارِ زِندگی بہتر بنانے جیسے اہم شعبوں پر خرچ کر سکتے ہیں جو ان کی طویل المدتی سماجی و اِقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوتا ہے۔






