سر ی نگر/ چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج جموں و کشمیر میں آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (ابے بی ڈِی ایم) کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں بالخصوص اس کے مختلف اجزا¿ کے تحت حاصل کی گئی پیش رفت ، ڈیجیٹل ہیلتھ سلو شنز کو اَپنانے اور نچلی سطح تک صحت خدمات کی فراہمی پر ان کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم، مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن، منیجنگ ڈائریکٹر اے بی ڈِی ایم جموں و کشمیر، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر و جموں، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، محکمہ صحت و طبی تعلیم کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دوران میٹنگ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کا بنیادی مقصد ہر فرد کے لئے جامع ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈ تیار کرنا ہے اوراِس بات پر زور دیا کہ مشن کے تحت تمام کوششیں اسی بنیادی مقصد سے ہم آہنگ رہنی چاہئیں۔





