- سید اعجاز
اونتی پورہ//سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اونتی پورہ، ارشاد حسین راتھرنے پیر کے روز ڈسٹرکٹ پولیس آفس (DPO) اونتی پورہ میں پولیس ضلع اونتی پورہ کی میڈیا برادری کے ساتھ ایک ملاقات کی۔اس موقعے پرپولیس اور میڈیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، آپسی تال میل کو بہتر بنانے اور عوام تک معلومات کی بروقت اور درست ترسیل کو یقینی بنانے جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس ایس پی اونتی پورہ نے میڈیا برادری کو یقین دلایا کہ انہیں بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے عوامی بیداری اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی تعاون، شفافیت اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے جمہوریت کے چوتھے ستون کی حیثیت سے میڈیا کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے، عوامی اعتماد کو فروغ دینے اور پولیس و عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینے کے لیے پولیس اور میڈیا کے درمیان تعمیری رابطہ اور مو¿ثر تال میل ناگزیر ہے۔اس موقع پر میڈیا برادری نے بھی پولیس ضلع اونتی پورہ میں امن، ہم آہنگی اور عوامی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اونتی پورہ پولیس کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔






