سرینگر/ 04دسمبر / حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج 2024کیلئے تیاریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کی اہم کڑی کے تحت حج کے خواشمند عازمین کیلئے درخواستیں دینے کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق درخواستیں دینے کی تاریخ 04دسمبر سے شروع ہوکر 20دسمبر تک جاری رہے گا ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کیلئے درخواستیں داخل کرنے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اقلیتی امور کی وزارت کے تحت آنے والی کمیٹی نے مطلع کیا ہے کہ حج سال 2024 کا انعقاد حج پالیسی 2023کے مطابق کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے حج 2024 کیلئے درخواستیں داخل کرنے کا عمل آن لائن 04دسمبر سے شروع ہوگا اور یہ عمل 20دسمبر 2023کو بند ہو جائے گا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر یا اینڈرائیڈ موبائل ایپ ”حج سہولت“ کے ذریعے آن لائن بھرے اور جمع کرائے جاسکتے ہیں۔درخواست دہندگان کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ حج کے درخواست فارم کو بھرنے سے پہلے رہنما خطوط/انڈر ٹیکنگ کو احتیاط سے پڑھیں۔ جبکہ قابل درست ہندوستانی بین الاقوامی پاسپورٹ جو درخواست کی آخری تاریخ سے پہلے جاری کیا جاتا ہے 31دسمبر تک درست ہونا ضروری ہے۔







