سری نگر :۲۱،جون: جے کے این ایس : 3 جولائی سے شروع ہونے والی 38روزہ امرناتھ یاترا 2025کیلئے مختلف نوعیت کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔جہاں ایک جانب یاتریوں کے سفر کوہموار اور سہل بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،وہیں یاتریوں کی حفاظت کیلئے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ایک میڈیا رپورٹ میں سرکاری ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاہے کہ س سال لکھن پور سے لےکر جنوبی کشمیر کے ہمالیہ میں واقع امرناتھ گھپاتک تقریباً 125 لنگر (کمیونٹی کچن) قائم کیے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لکھن پور سے لے کر امرناتھ گھپا تک تقریباً 125 لنگر لگائے جائیں گے جن میں جڑواں پہلگام اور بال تل راستوں پر بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیڈ لگانے کے لئے لنگر کا سامان اور بنیادی ڈھانچے کے سامان لے جانے والے ٹرک15 جون سے جموں و کشمیر پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ذرائع نے کہا کہ لنگر لگانے کا عمل اس ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔اس سال، 3 جولائی سے شروع ہونے والی 38 دن طویل یاترا 9 اگست کو رکھشا بندھن کے دن اختتام پذیر ہوگی۔یاتریوں کا پہلا دستہ جموں سے2 جولائی کوکشمیرکی جانب روانہ ہوگا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یاترا کے راستوں کے علاوہ لکھن پور سے سری نگر اور پہلگام اور بال تل تک 50 سے زیادہ لنگر لگائے جائیں گے جبکہ امرناتھ شرائن بورڈ کی طرف سے لنگر تنظیموں کو اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، ہریانہ، دہلی، ہماچل پردیش، راجستھان، اتر پردیش اور دیگر ریاستوں کی لنگر تنظیمیں یاتراکے راستے میں کمیونٹی کچن قائم کریں گی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مجموعی طور پر 25 لنگر بال تل اور ڈومیل میں، 13 لنگر امرناتھ گھپاکے قریب ، 8لنگر شیشناگ میں، 5 پسوٹوپ میں، 12 پنچترنی میں، 7 چندنواری میں،9 نونوان میں اور 5 زوجی بل میں ہوں گے۔جموں بیس کیمپ یاتری نواس بھگوتی نگر میں 5 لنگر اور جموں،پٹھانکوٹ اور جموں سری نگر قومی شاہراہوں پر 50 کے قریب لنگر بھی لگائے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ امرناتھ شرائن بورڈ نے لنگر تنظیموں کے کھانے کے مینو کو بھی حتمی شکل دے دی ہے اور ان سے تیلی اشیاءسے پرہیز کرنے کو کہا ہے۔شرائن بورڈ نے بھی یاتریوں کو غذائیت سے بھرپور اور صحت بخش کھانا کھانے کی ترغیب دی ہے۔امرناتھ گھپا اننت ناگ ضلع کے پہلگام کے مضافاتی پہاڑپرسطح سمندرسے 3888میٹربلندی پر واقع ہے اور یہ ہندوو ¿ں کے لیے ایک اہم زیارت گاہ ہے۔