جموں//یو این آئی// جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں ’اومیکرون‘ ویرنٹ کے تین کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد پورے صوبے میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’30 نومبر کے روز جموں صوبے میں کئی افراد کے نمونے تشخیص کیلئے دہلی لیبارٹری روانہ کئے گئے اور منگل کی روز اُن کی رپورٹ موصول ہوئی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ تین مریضوں میں ’اومیکرون‘ ویرنٹ کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے اُس محلے کے سبھی افراد کے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرانے کے احکامات صاد رکئے جہاں متاثرہ افراد رہائش پذیر ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ نے جموں صوبے میں ہائی الرٹ جاری کیا تاکہ اومیکرون ویرنٹ کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔جموں صوبے میں کورونا کی اس قسم کے تین مریض سامنے آنے کے بعد لوگوں میں بھی فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا رہنما اصولوں پر من وعن عمل کریں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔بتادیں کہ عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ روز ہی کہا تھا کہ کورونا کی اومیکرون ویرنٹ 89 ممالک تک پھیل چکی ہیں۔عالمی ادارے کے مطابق ’اومیکرون‘ کا تیزی سے پھیلنا خطرے کی گھنٹی ہے اور اس سے کئی ممالک کا صحت کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔’اومیکرون‘ کی قسم کی پہلی بار 26 نومبر کو جنوبی افریقہ میں تصدیق ہوئی تھی، اس کے تیزی سے پھیلنے کے بعد متعدد یورپی ممالک نے نئی پابندیوں کا اعلان بھی کیا ہے۔