سری نگر//پرنسپل سیکرٹری محکمہ سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج گورنمنٹ پولی تکنیک برائے خواتین سری نگر کا دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں سالانہ میگزین ’’ دی سپارکل ‘‘ جاری کیا اور ورکشاپ کم کلاس بلاک ( مرحلہ دوم) کی تعمیر کا اِفتتاح کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے ہونہار طلباء اور کالج سے فارغ التحصیل طلاب میں توصیفی اَسناد بھی تقسیم کئے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے ورکشاپ کم کلاس روم کی تعمیر کے بارے میں موجود آر اینڈ بی اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کام کو مقررہ وقت کے اَند ر مکمل کریں تاکہ اس سہولیت کو طلباء کی خدمت میں پیش کیا جاسکے۔ یہ منصوبہ 371.02 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔اُنہوں نے ’’ دی سپارکل ‘‘ کی اِشاعت کے ذریعے طلباء اور فیکلٹی میں تخلیقی تحریری صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے پر طلباء اور اِدارے کی ادارتی کمیٹی کے کام کو سراہا ۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی کے پولی تکنیک کالجوں اور دیگر سکل ڈیولپمنٹ کے اِداروں میں جدید ترین بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات کی تعمیر کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جموںوکشمیر میں نوجوانوں کو دی جانے والی تکنیکی تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے لئے بہت سے اِقدامات شروع کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ملک میں بہت ساری اِصلاحات جاری ہیں اور سکل ڈیولپمنٹ ایک ایسا شعبہ ہے جس کی آنے والے وقت میں بہت زیادہ مانگ ہوگی ۔ اُنہوں نے اہل نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف اِداروں کی جانب سے پیش کئے جانے والے مختلف سکل ڈیولپمنٹ کورسوں کو اَپنائیں تاکہ ان کی کاروباری صلاحیتوں میں اِضافہ ہوسکے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کہا کہ اَساتذہ کو ہماری پولی تکنیک او رآئی ٹی آئی میں زیر تعلیم طلباء کو بہترین تعلیم اور ہنر دینا چاہیئے او ران میں سے کاروباری اَفراد کو تیار کرنا چاہیئے جبکہ طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ محنت و مشقت کریں اور ملازمت ڈھونڈنے کے بجائے ملازمت دینے والے بنیں۔اُنہوں نے کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ کا مقصد صرف ڈگریاں فراہم کرنا نہیں ہے بلکہ طلباکی تقرری پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔اُنہوں نے کالج کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ طلباء کو مختلف قومی وظائف حاصل کرنے میں سہولیت فراہم کریں اور فارغ التحصیل طلباء کو کم شرح سود کے قرضے فراہم کریں تاکہ وہ کاروبار شروع کرسکیں اور روزگار پید ا کرکے معاشرے کی خدمت کرسکیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ادارہ جموںوکشمیر یوٹی کے بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے اداروں میں سے ہے اور تعلیمی سیشن 2021-22 ء میں صد فیصد داخلہ حاصل کرنے پر پرنسپل ڈاکٹر شفقت آرا اور عملے کو مبارک باد پیش کی۔ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں طلباء کے تیار کردہ ماسک ، شال ، کڑھائی کے کاموں کی مصنوعات کی نمائش کی گئی جس کی پرنسپل سیکرٹری نے تعریف کی ۔ اِس موقعہ پر اِدارے کے طلباء نے ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جس سے حاضرین و سامعین محظوظ ہوئے۔