سری نگر// وادی کشمیر کی معروف ادبی و ثقافتی تنظیم ساگر کلچرل فورم ژکر پٹن نے وسطی کشمیر کے ٹنگمرگ علاقے میں جشن چلہ کلان کی مناسبت سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب کے دوران مقامی فنکاروں اور ادا کاروں نے رنگا رنگ ایٹم پیش کرکے نہ صرف سامعین کو محظوظ کیا بلکہ کشمیر کی ثقافت کو زندہ و جاوید رکھنے کی بھی تعلیم دی۔فورم کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دو نشستوں پر مشتمل اس تقریب کی پہلی نشست کی صدارت معروف شاعر رنجور تلگامی نے کی جبکہ معروف افسانہ نگار مشتاق احمد مشتاق مہمان خصوصی اور معروف قلمکار و شاعر شاکر شفیع مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔ایوان صدارت میں ایس ڈی ایم ٹنگمرگ سمیر جان اور پہاڑی زبان کے معروف شاعر عظیم خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر فورم کے صدر ساگر نظیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کشمیر ثقافت کے تحفظ و فروغ کی اہمیت پر سیرح روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ہماری شاندار ثقافت سے جڑی چیزیں خواہ وہ ہمارا روایتی لباس پھیرن ہو یا کانگڑی، کو زندہ و جاوید رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم نئی نسل کو یہ چیزیں استعمال کرنے کی طرف مائل کریں تاکہ وہ ہر رنگ سے اپنے کلچر کی ترجمانی کر سکیں۔