سری نگر// جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام میں ایک جعلی کرنسی ریکٹ کا پردہ فاش کرکے تین افراد کو جعلی کرنسی نوٹوں سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ بڈگام کے ناربل علاقے میں پولیس کی ایک ناکہ پارٹی نے ایک گاڑی کو روکا جس کو توفیق حسین خواجہ ساکن بالی ہیرن پٹن بارہمولہ نامی ڈرائیور چلا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے 45 ہزار روپیے کے جعلی نوٹ بر آمد کئے گئے۔بیان میں کہا گیا کہ تفتیش کے دوران مذکورہ ڈرائیور نے اقرار کیا کہ وہ اپنے گھر واقع بالی ہیرن پٹن میں جعلی نوٹ پرنٹ کرتا ہے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ ڈرائیور کے انکشاف پر ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اور اس دوران جعلی کرنسی نوٹ، دو پرنٹرس، ایک پیپر کٹر و دیگر متعلقہ سامان بر آمد کیا گیا۔انہوں نے بیان میں کہا کہ گرفتار شدہ ڈرائیور نے اپنے دو اور ساتھیوں فاروق احمد گنائی اور عبدالحمید ساکنان پٹن کے نام بھی ظاہر کئے جو بازار میں ان جعلی نوٹوں کو سرکولیٹ کرتے تھے۔بیان کے مطابق تینوں ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کو پولیس چوکی ناربل میں بند رکھا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ماگام میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔