سرینگر/27جنوری
73ویں یوم جمہوریہ پر کشمیرو ادی میں کڑے حفاظتی انتظات کے بیچ پرچم کشائی کی سب سے بڑی تقریب شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سری نگر میں منعقد ہوئی جہاں گورنر کے مشیر ایم بھٹناگر نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔سری نگر میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے دوران شیر کشمیر اسٹیڈیم کی طرف جانے والے تمام راستوں کو خاردار تار سے سیل کردیا گیا تھا۔سری نگر کے سیول لائنز کے مختلف علاقوں خاص طور پر ڈل گیٹ، سونہ وار، ٹی آر سی کراسنگ، نمایش کراسنگ، تاریخی لال چوک، مائسمہ میں بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کردی گئی تھیں۔کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے شیر کشمیر اسٹیڈیم کے گردونواح میں جموں وکشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔نزدیک میں واقع ڈل گیٹ ، ٹی آر سی اور ریڈیو کشمیر کراسنگ پربھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ کسی بھی طرح کے فدائین حملے سے نمٹنے کے لئے اونچی اونچی عمارتوں بالخصوص سلیمان ٹینگ چوٹی پر شارپ شوٹرس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ شیر کشمیر اسٹیڈیم کی طرف جانے والی سڑک کو چند روز قبل ہی سیکورٹی وجوہات کی بناءپر عام شہریوں کے لئے بند کردیا گیا تھا۔دریں اثنا یونین ٹریٹری کے دونوں خطوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یوم جمہوریہ کی تقریبات ایک پرامن ماحول میں منعقد کی گئیں۔ سیکورٹی عہدیداروں نے بتایا ’جموں وکشمیر بھر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کا پرامن انعقاد عمل میں آیا اور کسی بھی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا‘۔خیال رہے کہ جموں وکشمیر حکومت نے اس بار بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں اپنے ملازمین کی شمولیت کو لازمی قرار دیا تھا۔ حکومت نے اس حوالے سے جاری کردہ سرکیولرس میں خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے والے سرکاری ملازمین کو تادیبی کاروائی کا انتباہ کیا تھا۔شیر کشمیر اسٹیڈیم سری نگر میں منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں اسکولی بچوں اور دوسرے فنکاروں نے کشمیری ثقافت اور حب الوطنی پر مبنی رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔اسٹیڈیم کے گردونواح میں کئی ایک حساس مقامات پر مشتبہ افراد کی نقل وحرکت پر قریبی نگاہ رکھنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے۔سراغ رساں کتوں، میٹل ڈٹیکٹرس اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ کی مدد سے اسٹیدیم اور چرچ لین میں واقع عمارتوں کی چیکنگ انجام دی گئی تھی۔ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے وادی کے اطراف واکناف بالخصوص مختلف اضلاع کو گرمائی دارالحکومت کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر سیکورٹی فورسز اور پولیس کے خصوصی ناکے بٹھائے گئے تھے جہاں چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی تھی اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ شناختی کارڈ چیک کئے جاتے تھے۔ چیکنگ کا یہ سلسلہ گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری تھا۔
جموں و کشمیر میں ایک نئی صبح طلوع ہو رہی ہے
ہر طرف ترقی، خوشحالی اور امن کا دور دورہ ہے:راجیو رائے بھٹناگر
جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر ایک تاریخی دور سے گذر رہا ہے کیونکہ یہاں ایک نئی صبح طلوع ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ہمیشہ سے ہی ملک کے کلچر کا ایک اٹوٹ حصہ رہا ہے۔کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ڈاکٹروں، طبی عملے اور دیگر فرنٹ لائن ورکروں کی کارکردگیوں کی سراہنا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا نے دنیا بھر میں نظام زندگی کو درہم و برہم کرکے رکھ دیا ہے۔موصوف مشیر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کےموقع پر پرچم کشائی اور پریڈ پرسلامی لینے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے،کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار، سکریٹری ٹورزم اور ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر ایک تاریخی دور سے گذر رہا ہے کیونکہ یہاں ایک نئی صبح طلوع ہو رہی ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’یہاں امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی صبح طلوع ہو رہی ہے، جموں و کشمیر ہمیشہ سے ملک کے کلچر کا ایک اٹوٹ حصہ رہا ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ یہاں کے لوگ ہمیشہ سے آپسی بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں‘۔کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ڈاکٹروں، طبی عملے اور دیگر فرنٹ لائن ورکروں کی کارکردگیوں کی سراہنا کرتے ہوئے مسٹر بھٹناگر کا کہنا تھا کہ کورونا نے دنیا بھر میں نظام زندگی کو درہم و برہم کرکے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں، طبی عملے اور دیگر فرنٹ لائن ورکروں کے مرہون منت ہیں جنہوں نے جو اس وائرس کے خلاف صف اول پر پر صف آرا ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے قومی ہیرو ہیں جو سب ستائش کے مستحق ہیں۔موصوف مشیر نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر اگرچہ کنٹرول میں ہے تاہم ہمیں پھر بھی محتاط رہنا چاہئے اور تمام تر گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔انہوں نے ملک کے آئین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آئین نے جدید بھارت کی بنیاد ڈالی ہے اور ہمارے روشن خیال لیڈروں نے مختلف نظریات کے حامل لوگوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر کھڑا کیا ہے۔موصوف مشیر نے اپنے خطاب میں حکومت کی حصولیابیوں اور ترقی کے میدان میں ہونے والے کاموں کا بھی خاکہ کھینچا۔