وادی کشمیر میں گذشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران آگ کی دو الگ الگ وارداتوں میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوگئے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پور کے منتری گام گاؤں میں ہفتے کی صبح ایک دو منزلہ مکان میں آگ نمودار ہوگئی جس کے شعلوں نے مکان کو چشم زدن میں اپنی لپیٹ میں لے کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔انہوں نے مالک مکان کی شناخت محمد رمضان گنائی ولد عبدالاحد گنائی کے بطور کی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ادھر سری نگر کے الٰہی باغ علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں دو رہائشی مکان خاکتسر ہوگئے ۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کی سٹی کالونی الٰہی باغ میں جمعے کی شب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل واقع دوسرے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ آگ کے شعلوں جو دور دور سے نظر آ رہے تھے ، کو دیکھتے ہی مقامی لوگ اور پولیس جائے وادرات پر پہنچ گئے اور اس سلسلے میں فائیر ٹنڈرس کو اطلاع دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائیر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ کو قابو میں کر لیا تاہم دو رہائشی مکانوں کو خاکتسر ہونے سے نہیں بچا سکے ۔مکان مالکوں کی شناخت سجاد احمد میر ولد غلام رسول میر اور ریاض احمد نجار ولد محمد سلطان نجار کے بطور ہوئی ہے ۔آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔دونوں علاقوں کے لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرین کو بھر پور مالی مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔