وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ ملک میں اسٹارٹ اپ کا ایک نیا ایکوسسٹم تیار ہورہا ہے اور بہت جلد ان کی تعداد ہزاروں تک پہنچ جائے گی اور آنے والے وقت میں ہندوستان ڈرون کے شعبے میں دنیا نئی قیادت فراہم کرے گا۔گروڑ ا ایرو اسپیس کے ذریعے 108 کسان ڈرون کی پرواز کے موقع پر اپنے خطاب میں، مسٹر مودی نے کہا کہ "ہندوستان میں ڈرون اسٹارٹ اپ کا ایک نیا ایکو سسٹم تیار ہو رہا ہے۔ اس وقت ملک میں 200 سے زیادہ ڈرون اسٹارٹ اپ کام کر رہے ہیں۔ بہت جلد ان کی تعداد ہزاروں تک پہنچ جائے گی۔ اس سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقت میں ہندوستان کی اس بڑھتی ہوئی صلاحیت سے ڈرون کے میدان میں پوری دنیا کو نئی قیادت فراہم ہوگی۔ ,انہوں نے کہا کہ ملک میں جو اسٹارٹ اپ کی دنیا بنی ہے اس کا سہرا ان نوجوانوں کو جاتا ہے جو رسک لے کر یہ کام کررہے ہیں۔ نوجوانوں کو یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا، "حکومت ہند پالیسیوں کے ذریعہ لگاتار آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر آپ کی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دے گی۔”وزیراعظم مسٹر مودی نے کہا کہ آج کا دن اس بات کی بڑی مثال ہے کہ اگر پالیسیاں درست ہوں تو ملک کس قدر بلندی پر جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان ڈرون 21ویں صدی کے جدید زراعتی نظام کی سمت میں ایک نیا باب ہے۔ "مجھے یقین ہے کہ یہ شروعات نہ صرف ڈرون سیکٹر کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی بلکہ اس سے امکانات کا ایک لامتناہی آسمان بھی کھلے گا۔ مجھے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گرودا ایرو اسپیس نے اگلے دو سالوں میں ایک لاکھ میڈ ان انڈیا ڈرون بنانے کا ہدف رکھا ہے۔ اس سے بہت سے نوجوانوں کو نئی ملازمتیں اور نئے مواقع ملیں گے۔ میں اس کے لیے گروڑ ایرو اسپیس کی ٹیم اور تمام نوجوان ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”مسٹر مودی نے کہا کہ یہ وقت ملک کے نوجوانوں کا ہے اور پچھلے چند سالوں میں جو اصلاحات ہوئی ہیں ان سے نوجوانوں اور نجی شعبے کو نئی طاقت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکنالوجی اور جدت کو ترجیح دی گئی ہے۔ نتیجتاً ڈرون کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔