جیسے ہی وادی میں موسمی حالات میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے، کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ(KPDCL) نے یکم مارچ کے بعد کشمیر میں بجلی کے سرمائی کٹوتی شیڈول میں نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق چیف انجینئرکشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹیڈاعجاز احمد ڈار نے ایک میڈیاادارے کوبتایاکہ کشمیرمیں لاگوسرمائی بجلی کٹوتی شیڈول میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان یکم مارچ کے بعد کیا جائے گا۔اس دوران معلوم ہواکہ شہر سری نگر کے بیشتر علاقوںمیں موسم سرماکے پیش نظر لاگوکئے گئے بجلی کٹوتی شیڈول میں کافی کمی لائی گئی ہے اوراب صبح تاشام وقفے وقفے سے کچھ وقت کیلئے بجلی سپلائی منقطع کی جاتی ہے اورشام کے وقت بیشتر شہری علاقوںمیں بجلی سپلائی کوبلاخلل یاکٹوتی کے بحال رکھاجاتاہے ،تاہم کشمیروادی کے باقی 9اضلاع بشمول بڈگام،گاندربل ،بارہمولہ ،بانڈی پورہ ،کپوارہ ،اننت ناگ،شوپیان ،پلوامہ اورکولگام کے قصبہ جات اوردیہات میں ابھی بھی سرماکی آمد کے وقت سے لاگو بجلی کٹوتی شیڈول سختی کیساتھ نافذالعمل ہے ،اوربیشتر دیہات ودوراُفتادہ علاقوںمیں ابھی بھی بجلی بحران جاری ہے ۔قابل ذکر ہے کہ محکمہ بجلی موسم سرما کے دوران کشمیراودی میں بجلی کٹوتی کا شیڈول جاری کرتا ہے،اورعمومی طورپرماہ دسمبرسے ماہ فروری کے اوآخرتک بجلی کٹوتی شیڈول لاگو رکھاجاتاہے۔ادھرکشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ(KPDCL) کے ذرائع نے بتایا کہ موسمی حالات میں بہتری اور درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے دن کے وقت بجلی کی طلب کئی گنا کم ہو گئی ہے۔جس کے نتیجے میں کچھ علاقوںمیں پہلے ہی کٹوتی شیڈول میں نرمی لائی گئی ہے۔